پاکستان علما کونسل نے کل ملک بھر میں ’’لبیک یا اقصیٰ ‘‘ منانے کا اعلان کر دیا ، امریکی صدر نے امن کو تباہ کرنے کی سازش کی ،بھر پور جواب دینا ہو گا :علامہ طاہر اشرفی

پاکستان علما کونسل نے کل ملک بھر میں ’’لبیک یا اقصیٰ ‘‘ منانے کا اعلان کر ...
پاکستان علما کونسل نے کل ملک بھر میں ’’لبیک یا اقصیٰ ‘‘ منانے کا اعلان کر دیا ، امریکی صدر نے امن کو تباہ کرنے کی سازش کی ،بھر پور جواب دینا ہو گا :علامہ طاہر اشرفی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)ُپاکستان علماء کونسل نے امریکی صدر کے القدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے فیصلے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے آج (جمعتہ المبارک) کو ملک بھر میں لبیک یا اقصیٰ کے عنوان سے یوم احتجاج منانے اور اگلے ہفتے اسلام آباد میں آل پارٹیز کانفرنس منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے ، اسلامی ممالک کو امریکہ کا سفارتی ، اقتصادی اور معاشی بائیکاٹ کرنا چاہیے ، امریکی صدر نے امن کو تباہ کرنے کی سازش کی ہے جس کا بھر پور جواب دینا ہو گا ۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر مولانا محمد ایوب صفدر ، مولانا عبد الحمید وٹو،مولانا محمد شفیع قاسمی، قاری عبد الحکیم اطہر ،مولانا زبیر زاہد ، مولانا مجیب الرحمن انقلابی ،مولانا محمد اشفاق پتافی ، قاری مبشر رحیمی ، قاری شمس الحق ،قاری محمد یونس شاہد ، قاری محمد اسلم قادری، مولانا اسماعیل قاسمی، مولانا شہباز عالم فاروقی ، مولانا ساجد ، راؤ آصف معاویہ ، قاری صدیق اور دیگر بھی موجود تھے۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہملک بھر میں کل جمعتہ المبارک کو یوم الاقصیٰ منایا جائے گا ، احتجاجی مظاہرے ، جلسے ، جلوس اور اجتماعات ہوں گے ، امریکی صدر نے عالمی امن کو خطرہ میں ڈال دیا ہے، اسلامی ممالک امریکہ کا سفارتی بائیکاٹ کریں ، الاقصیٰ کی آزادی اور القدس کا تحفظ حرمین الشریفین کے تحفظ کی طرح فرض عین ہے ، انہوں نے کہا کہ مسلم امتہ امریکی صدر کے القدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کو مسترد کرتی ہے ، سعودی عرب ، ترکی ، پاکستان اور اردن کو القدس کے اسلامی تشخص کی بحالی کیلئے بھر پور کردار ادا کرنا ہو گا ، انہوں نے کہا کہ امریکی صدر نے امن پسندوں پر جنگ مسلط کر دی ہے اور مسلم دنیا اس جنگ کو مسترد کرتی ہے ، انہوں نے کہا کہ 8 دسمبر جمعتہ المبارک ملک بھر میں یوم احتجاج منایا جائے گا اور آئندہ ہفتہ کے آغاز میں اسلام آباد میں آل پارٹیز کانفرنس بلائی جا رہی ہے جس میں اسلامی ممالک کے سفیروں اور مختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین کو دعوت دی جائے گی، انہوں نے کہا کہ ایک پلاننگ کے تحت امریکہ اور اس کے حواری اسلامی دنیا کو کمزور کرنے کی سازش کر رہے ہیں اور امریکی صدر دنیا کو عالمی جنگ کی طرف لے جا رہے ہیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ امریکی سفیر کو وزارت خارجہ میں طلب کر کے نہ صرف احتجاج ریکارڈ کروایا جائے بلکہ امریکہ کے ساتھ سفارتی تعلقات کو بھی ختم کیا جائے ، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آج القدس پر اگر مسلم امہ نے مجرمانہ خاموشی اختیار کی تو کل اسلام دشمن قوتوں کا ہدف مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ ہو گا، انہوں نے پاکستان علماء کونسل کے دارالافتاء کی طرف سے فتویٰ جاری کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح مسلم امتہ کیلئے ارض الحرمین الشریفین کا دفاع سلامتی اور تحفظ فرض ہے ، اسی طرح الاقصیٰ اور القدس کا تحفظ فرض ہے ، انہوں نے کہا کہ کل سے ملک گیر سطح پر لبیک یا اقصیٰ کے عنوان سے مہم شروع کی جائے گی ۔

ڈیلی پاکستان کا یو ٹیوب چینل سبسکرائب کرنے کے لیے یہاں کلک کریں

مزید :

قومی -