فلائٹ آپریشن کی جزوی بحالی خوش آئند،مزدوروں نے حکمرانوں کی انا اور ضد کو شکست دی ہے:سینیٹر سراج الحق
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے پی آئی اے ملازمین کی طرف سے ملک بھر میں فلائٹ آپریشن کی جزوی بحالی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مزدوروں نے حکمرانوں کی انا اور ضد کوشکست دیدی ہے اور ملک و قوم کی خاطر اپنا مفاد قربان کرکے ثابت کردیا ہے کہ ملک کی خاطر قربانی غریب اور مزدور طبقہ ہی دے سکتا ہے ،اگر مزدور بھی حکمرانوں کی طرح ضد اور انا پرستی پر قائم رہتے تو پوری دنیا میں پاکستان مذاق بنا رہتا۔
ملک کے ایئر پورٹس دو ہفتے تک تماشا بنے رہے مگر سرکار عدم برداشت کا رویہ ترک کرنے کو تیار نہیں ہوئی۔ حکمرانوں نے قومی اداروں کی بحالی کیلئے آج تک کسی سنجیدہ رویے کا اظہار نہیں کیا ،پی آئی اے سمیت دیگر اداروں کی نجکاری اداروں کی بحالی اور استحکام کیلئے نہیں بلکہ آئی ایم ایف کے دباو پر اور مزید قرضے لینے کیلئے کی جارہی ہے۔حکمرانوں کی کوشش ہے کہ جانے سے پہلے گھر کے برتن بھی بیچ کھائیں۔سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک پر جمہوریت کے نام پر بدترین آمریت مسلط ہے ، مزدوروں پر زور آزمائی کرناکوئی بہادری نہیں۔ حکمران قوم سے کیے گئے وعدوں میں سے تین سال میں کسی ایک وعدے کو پورا نہیں کرسکے۔اداروں کی تباہی کا جواب حکمرانوں کو دینا پڑے گا۔حکمران اپنی نااہلی کا ذمہ دار کسی مزدور کو نہیں ٹھہرا سکتے۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت کے گڈگورننس کے تمام دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں ،حکمرانوں کے پاس غربت اور جہالت کے خاتمہ کیلئے کوئی روڈ میپ نہیں۔ چند نمائشی اقدامات سے غریب کا پیٹ بھرتا ہے نہ اس کے زخموں پر مرہم رکھا جاسکتا ہے۔حکمران اپنی بیرون ملک پڑی دولت کو قومی بنکوں میں لے آئیں تو نہ صرف ورلڈ بنک اور آئی ایم ایف کی غلامی سے نجات مل سکتی ہے بلکہ عوام کو تعلیم ،صحت اور روز گار کی سہولتیں بھی فراہم کی جاسکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ شدید سردی میں بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے ،جبکہ گیس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ غیر ترقیاتی اور وی آئی پیز کے پروٹوکول پر اٹھنے اخراجات ختم کرکے نوجوانوں کو روز گار دیا جاسکتا ہے جس سے قومی آمدن میں بھی اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جس معاشرے میں تعلیم مہنگی ہو وہاں موت سستی ہوتی ہے یہی وجہ ہے کہ ملک میں بدامنی ،خوف ،مایوسی و ناامیدی کا راج ہے۔حکومت عوام کو جان مال اور عزت کا تحفظ دینے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے اور چھوٹی مچھلیوں کو پکڑا اور بڑے بڑے مگر مچھوں کو بچایا جارہا ہے۔