”حافظ سعید کون سے انڈے دیتے ہیں جو ہم نے انہیں پال رکھا ہے“حکومتی رکن کے قائمہ کمیٹی میں سوال،جماعت الدعوۃ کے امیر پر الزامات کی بوچھاڑ
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت کی جانب سے جماعت الدعوة کے امیر حافظ محمد سعید پر الزامات کے بعد پاکستان میں حکمران جماعت کے ایک رہنما بھی بول پڑے۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کے اجلاس کے دوران جہاں شرکا نے غیر ریاستی عناصر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا وہیں مسلم لیگ ن کے رانا افضل نے حافظ محمد سعید سے متعلق بھی کئی سوالات اٹھائے۔ ن لیگی رکن کا کہنا تھا بھارت نے حافظ محمد سعید کے حوالے سے دنیا بھر میں ایسا تاثر قائم کردیا ہے کہ اگر کوئی بھی پاکستانی وفد کسی بھی ملک میں جاکر مسئلہ کشمیر اجاگر کرے تو جماعت الدعوة کے امیر کو ہی پاک بھارت تعلقات میں کشیدگی کی وجہ قرار دیا جاتا ہے۔رانا افضل نے سوال اٹھایا کہ” آخر حافظ سعید کون سے انڈے دیتے ہیں جوہم نے انہیں پال رکھا ہے“؟رانا افضل کا کہنا تھا کہ ”حافظ سعید ایسی شخصیت ہے جو دنیا میں تو دندناتی پھر رہی ہے جبکہ پاکستان میں وہ کہیں نظر نہیں آتی، خارجہ پالیسی کا یہ حال ہے کہ ہم آج تک حافظ سعید کو ختم نہیں کرسکے“۔حکومتی رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ’ 'ایسی رکاوٹوں کو دور کرنے کی ضرورت ہے جن کی وجہ سے دنیا ہمیں تنہا کر کے شدت پسند ملک قرار دینے کی کوشش کرتی ہے۔“یاد رہے کہ رانا محمد افضل ا±س وفد میں شامل تھے جس نےمقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورت حال اور پاک بھارت کشیدہ صورت حال کے بارے میں فرانس کی حکومت کو آگاہ کرنے کے لیے پیرس کا دورہ کیا تھا۔ا±نھوں نے کہا کہ اڑی سیکٹر میں حملے کے بعد پاکستان کو سارک کانفرنس ملتوی کرنے کا اعلان کرنا چاہیے تھا لیکن دفتر خارجہ نے ایسا نہیں کیا اور بھارت کو اس معاملے میں پاکستان کو تنہا کرنے کا موقع مل گیا۔