وزیر اعظم کی زیر صدارت پی آئی اےبحران پر اجلاس، فلائٹ آپریشن بحالی پر اظہار اطمینان
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت پی آئی اے کی موجودہ صورت حال پر اعلی سطحی اجلاس ہوا جس میں وزیر اعظم کو پی آئی اے کی موجودہ صورت حال اور فلائٹ آپریشن پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید، مشاہد اللہ خان اور سیکرٹری ایوی ایشن نے بھی شرکت کی۔ میڈیا رپورٹس کیمطابق وزیر اعظم نے فلائٹ آپریشن بحالی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے فلائٹ آپریشن کی بحالی کیلئے ہونے والی کوششیں قابل ستائش ہیں تاہم حکومت اس حوالے سے کسی دباﺅ میں نہیں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ قومی ادارے کی بحالی کیلئے اقدامات جاری رکھیں گے ، ناکامی سڑکوں پر آنے والوں کا مقدر ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری ایوی ایشن نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دفاتر کی تالہ بندی ختم ہو چکی ہے اور ہڑتالی ملازمین اپنی ڈیوٹیوں پر واپس آرہے ہیں تاہم اپنی ذمہ دارٰیاں ادا نہ کرنے والے ملازمین کونوٹسز جاری کر دیے ہیں۔