تحریک طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ، تمام دہشتگردمارے گئے، کراچی ایئر پورٹ مسافروں کے لئے کھول دیا گیا

تحریک طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ، تمام دہشتگردمارے گئے، کراچی ...
 تحریک طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ، تمام دہشتگردمارے گئے، کراچی ایئر پورٹ مسافروں کے لئے کھول دیا گیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کلینگ آپریشن مکمل کرکے بعد ایئرپورٹ کو کلیئر کردیاگیاہے اور کنٹرول ٹاور کا انتظام متعلقہ حکام کے حوالے کرکے مسافروں کے لیے ایئرپورٹ کو کھول دیاگیاہے اور  متاثرہ  پروازیں آج شام نئے شیڈول کے مطابق روانہ ہوں گی  ۔اطلاعات کے مطابق تحریک طالبان پاکستان کے حملے میں19افراد شہید اور 23زخمی ہوچکے ہیں جبکہ سیکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے 10دہشتگردوں کو موت کے گھاٹ اُتار دیا ،سیکیورٹی ذرائع کے مطابق تمام طیارے مکمل طورپر محفوظ ہیں۔ دوسری طرف کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے آئندہ بھی حملوں کا اعلان کردیا۔

سندھ رینجرز کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہاہے کہ ایئرپورٹ پر جاری کلیننگ اینڈ سویپنگ آپریشن مکمل کرلیاگیاہے اور جلد ہی کمانڈ ایئرپورٹ سیکیورٹی فورسز کے حوالے کردیاجائے گا۔

بتایاگیاہے کہ نو سیکیورٹی اہلکاروں اور نجی ایئرلائن کے ملازم سمیت 19افراد شہید ہوگئے ہیں جن کی شناخت اے ایس ایف کے فرخ حسین ، مرتضی شاہ ، منتظر ، عبدالمالک ، طارق محمود ، محمد سرور ، محمد اعظم ، محمد اقبال ،رینجرز کادل مراد اورنجی ایئر لائن کے عبدالخالق صدیقی شہید ہوگیا۔بتایاگیاہے کہ آپریشن کے دوران ایئرلائن کا ملازم ہارٹ اٹیک ہونے سے چل بسا۔

ڈی جی سندھ رینجرز نے بتایاکہ آپریشن میں پاک فوج ، رینجرز، پولیس اور ایئرپورٹ سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کی اور دہشتگردوں کے مذموم مقاصد کوپورانہیں ہونے دیا اور ایئرپورٹ کے اندرونی حصے کو کلیئرکردیاگیا، سات دہشتگردمقابلے میں مارے گئے جبکہ تین نے خود کو اُڑالیا۔ اُنہوں نے بتایاکہ ساڑھے گیارہ بجے آپریشن شروع کردیاگیاتھا، دہشتگرد5,5کی ٹولیو ں میں دو جگہوں سے داخل ہوئے تاہم نجی ٹی وی چینل کے مطابق 15کے قریب حملہ آور تین مقامات سے داخل ہوئے ۔ ڈی جی رینجرز کاکہناتھاکہ حملہ آور غیر ملکی لگتے ہیں جن کی عمر 20سے 25سال کے درمیان ہے ، ڈی این اے ٹیسٹ کرائیں گے ، صرف کارگوٹرمینل میں آگ لگی ہے ۔ڈی جی نے بتایاکہ ہائی ایس کا ڈرائیور دہشتگردوں کو اُتار کر فرار ہوگیا، دن دو بجے کے بعد ایئرپورٹ آپریشنل ہوسکتاہے  ۔ پی آئی اے ترجمان کے مطابق حملے کی وجہ سے 20سے زائد پروازیں منسوخ ہوگئی ہیں، شام چار بجے تک ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن شروع کرنے کی کوشش کریں گے ، رن وے کلیئر کردیاگیا ۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق مسافروں کے لیے ایئرپورٹ کھول دیاگیاہے اور طیارے باقاعدہ چار بجے اُڑان بھریں گے ، مسافروں کی سخت چیکنگ کی جارہی ہے اور کسی ملازم کو بھی چیکنگ کے بغیر آنے جانے کی اجازت نہیں ۔گذشتہ شب سے ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں کو چھٹی مل گئی ہے اور نئی شفٹ کے اہلکار ڈیوٹی پر پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔

نجی ٹی وی چینل نے ڈی جی رینجرز کے حوالے سے بتایاحملے میں بھارتی اسلحہ استعمال ہونے کے شواہد ملے ہیں جبکہ ہلاک ہونیوالے ازبک ، افغان اور چیچن باشندے ہیں ۔

قبل ازیں مقامی میڈیا نے بتایاتھاکہ سیکیورٹی اداروں کے آپریشن کے دوران پیر کی صبح ایک مرتبہ پھر اولڈ ٹرمینل میں شدیدفائرنگ کے بعد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں اور آگ بھڑک اُٹھی جس کے بعد ایک مرتبہ پھر بھگدڑ مچ گئی تاہم رینجرز حکام کا کہناتھاکہ ایئرپورٹ کے اطراف میں سیکیورٹی فورسز کی طرف سے کلیئرنس سرچ آپریشن کے دوران  ممکنہ طورپر جھاڑیوں میں موجود دہشتگردوں کے شبے میں ہوائی فائرنگ کی گئی ،اصفحانی ہینگرزمیں آگ ایک مرتبہ پھر بھڑکی تھی جس پر قابو پالیاگیا۔

 دوسری طرف کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان شاہداللہ شاہد نے نامعلوم مقام سے ٹیلی فونک گفتگوکرتے ہوئے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی اورا ِسے ڈرون حملے میں مارے جانیوالے سابق امیر حکیم اللہ محسود کی ہلاکت کا بدلہ قراردیا۔ ترجمان کاکہناتھاکہ غیر اعلانیہ جنگ پھر شروع کردی گئی ہے اوروزیرستان میں ساتھیوں کی ہلاکت اور اعلان جنگ کیخلاف جوابی کارروائی کا حق رکھتے ہیں،خود کش حملہ آور ایئرپورٹ میں داخل ہوئے اور کارروائی کی ۔ وزیرداخلہ نے ایئرپورٹ پر حملے کی رپورٹ طلب کرلی ۔

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کامیاب آپریشن پر مسلح افواج کو مبارکباد پیش کی ۔پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق تمام اثاثے محفوظ ہیں ۔ترجمان کاکہناتھاکہ لگنے والی آگ طیاروں میں نہیں بلکہ عمارت میں لگی تھی، دہشتگردوں سے راکٹ لانچر اور دیگر اسلحہ بھی ملاہے ۔

واضح رہے کہ گذشتہ شب نامعلوم حملہ آوروں نے ایئرپورٹ پر حملہ کردیاتھا اور طیاروں کی طرف جانے کی کوشش کی تاہم اے ایس ایف کی مزاحمت پر دہشتگردوں کو منہ کی کھانا پڑی ۔

مزید :

قومی -Headlines -