کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے کرپشن کا ناسور پورے معاشرے میں پھیل رہا , اشرافیہ کی ناہل اولاد یں اداروں کا بیڑا غرق کر رہی ہیں:سینیٹر سراج الحق
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے کرپشن کا ناسور پورے معاشرے میں پھیل رہاہے اور قومی ادارے تباہ ہوچکے ہیں ، رشوت ، سفارش اور میرٹ کے قتل عام سے اشرافیہ کی ناہل اولاد یں اداروں کا بیڑا غرق کر رہی ہیں ، خواتین کے حقوق کی پامالی وطیرہ بن چکاہے ، خواتین کو ملازمت کا تحفظ ہے نہ تعلیم ، صحت اور دیگر شعبہ ہائے زندگی میں خواتین کے لیے کوئی مناسب انتظام ہے ،جماعت اسلامی خواتین کے حقوق کی علمبردار جماعت ہے اور ہم خواتین کو ہر شعبہ زندگی میں باوقار مقام دینا چاہتے ہیں ، اسلام نے ماں بہن بیٹی کے مقدس رشتوں میں خواتین کو نہایت محترم اور بلند مقام عطا کیاہے ، بچیوں کو مغرب کی دجالی تہذیب سے مرعوب ہونے کی بجائے حیا کے کلچر کو عام کرناچاہیے ۔ مسلمان خواتین کے لیے حضرت عائشہ اور حضرت فاطمہ کی زندگیاں بہترین نمونہ ہیں ۔
منصورہ میں جاری خواتین کی چالیس روزہ تفسیر قرآن کلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ موجودہ نظام میں خواتین کے حقوق غیر محفوظ ہیں ،ریلوے ، پی آئی اے اور عام ٹرانسپورٹ میں خواتین کے لیے انتظار گاہیں ہیں نہ علیحدہ باوقار انتظام موجود ہے ، خواتین کو کاروباری سہولتیں میسر نہیں اور نہ بنک خواتین کو قرضے دیتے ہیں، اگر کسی خاندان کا کمانے والا نہ ہوتو بیوہ کے لیے اپنے بچے پالنا مشکل ہو جاتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ اسلام خواتین کو معاشرتی زندگی میں حصہ ڈالنے کے لیے بھر پور رہنمائی فراہم کرتاہے ، مغرب نے معاشی ذمہ داریوں کا بوجھ بھی خواتین کے کندھوں پر ڈال کر ان سے زندگی کی خوشیاں چھین لی ہیں ، مغرب خواتین کو گھروں سے نکالنا چاہتاہے جبکہ اسلام خواتین کو گھر کی ملکہ بنانے کی تعلیم دیتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ اسلام کا معاشی نظام نافذ ہو جائے تو خواتین کا استحصال ختم ہوسکتاہے، تحریک پاکستان سمیت عالمی اسلامی تحریکوں میں خواتین کا بڑا نمایاں کردار رہاہے ، معاشرے کو کرپشن سے پاک کرنے کے لیے خواتین موثر کردار ادا کرسکتی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان تحریک میں بھی ہماری مائیں ،بہنیں ، بیٹیاں قدم بقدم ہمارے ساتھ ہیں اور مجھے یقین ہے کہ یہ تحریک کامیابی سے ہمکنارہو کر رہے گی اور ہم کرپٹ حکمرانوں اور قومی دولت لوٹنے والوں سے نجات حاصل کرنے میں کامیاب ہو ں گے ۔