نواز شریف کا جانا ٹھہر گیا،آئندہ 2ماہ میں وزیر اعظم نہیں رہیں گے ، پیپلزپارٹی بھی عید کے بعد میدان میں ہوگی:سردار لطیف کھوسہ
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل سردار لطیف خان کھوسہ نے کہا ہے کہ نوازشر یف آئندہ 2ماہ میں وزیر اعظم کے عہدے سے فارغ ہو جائیں گے‘اپوزیشن جماعتوں نے الیکشن کمیشن میں نوازشر یف ،شہباز شریف اور انکے خاندان کے دیگر افراد کے خلاف جو ثبوت جمع کروائے ہیں وہ انکی نااہلی کیلئے کافی ہیں ‘پیپلزپارٹی بھی عید کے بعد حکمرانوں کے خلاف میدان میں نظر آئیگی ۔
نجی ٹی وی ’’جیو نیوز ‘‘ کے پروگرام ’’نیا پاکستان ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے سردار لطیف خان کھوسہ نے کہا کہ نوازشر یف کا جانا ٹھہر گیا ہے وہ تو جائیں گے ہی جائیں گے ،ہم نے الیکشن کمیشن میں ان کی ڈس کوالفکیشن کے اتنے موثر اور ٹھوس ثبو ت دیئے ہیں ،ہمارے ثبوتوں کا ان کے پاس کوئی جواب نہیں ہے ،جب وزیر اعظم یا وزیر اعلیٰ جاتے ہیں تو حکومت تو جاتی ہی جاتی ہے ،اسمبلی میں ان کی عددی اکثریت ہے ،یہ کسی اور کو وزیر اعظم بھی بنا سکتے ہیں ،نواز شریف کے جانے سے جمہوریت اور نظام کو کوئی خطرہ نہیں ہے،اس اسے انشاء اللہ جمہوریت مضبوط ہو گی ۔سردار لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم اور انکے خاندان نے جو کر پشن لوٹ مار ‘منی لانڈرنگ اور ٹیکس چوری کی ہے اسکے تمام ثبوت ہمارے پاس ہے جو الیکشن کمیشن جمع کرواچکے ہیں اس لیے نوازشر یف اور انکے خاندان کے دیگر افراد کی نااہلی نوشتہ دیوار ہے ۔
مزید پڑھیں!طاہرالقادری نے رائیونڈ جانے کا فیصلہ کیوں بدلا؟سینئر صحافی نے تہلکہ خیز انکشاف کر دیا
انہوں نے کہا کر پشن کے خلاف عمران خان اور تحر یک انصاف کا احتجاج انکا جمہو ری حق ہے اور پیپلزپارٹی بھی عید کے بعد میدان میں ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے رائیونڈ جانے کے اعلان پر حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے ،حکومتی وزرا کبھی بنی گالہ اور کبھی زمان پارک جانے کی باتیں کر رہے ہیں ،میں نے یہ پہلی حکومت دیکھی ہے جو خود چاہتی ہے کہ اپوزیشن انتہا تک جائے ۔