ہڑتال میں شرکت کرنے پر پی آئی اے کے 15 ڈیلی ویجز ملازم فارغ
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)حکومت نے ہڑتال میں شریک ہونے والے پی آئی اے ملازمین کیخلاف کارروائیوں کا آغاز کرتے ہوئے 15 ڈیلی ویجز ملازمین کو فارغ کردیا ہے۔
نجی ٹی وی اے آروائی نیوز کے مطابق حکومت کی طرف سے ہڑتال میں شریک ہونے والے پی آئی اے ملازمین کی فہرستوں کی تیاری کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے اور جو لوگ ہڑتال میں شریک ہوئے تھے ان کیخلاف کارروائی کا آغاز بھی کردیا گیا ہے۔ حکومت نے پہلے مرحلے میں ڈیلی ویجز ملازمین کو چنا ہے اور ہڑتال میں شرکت کرنے پر 15 لوگوں کو فارغ کردیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی طرف سے مستقل ملازمین کی فہرست بھی تیار کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ حکومت کی طرف سے پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے ہمیشہ یہی موقف سامنے آتا رہا ہے کہ نجکاری کی وجہ سے ملازمین کی نوکریوں کو کسی قسم کا خطرہ نہیں ہوگا۔