داعش پاکستان کیلئے خطرہ ہے ، نیٹ ورک پکڑا گیا،دہشتگردی کے خاتمہ میں 10سال لگیں گے: آئی بی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کی انٹیلی جنس بیورو(آئی بی) کے ڈائریکٹر جنرل آفتاب سلطان نے انکشاف کیاہے کہ پاکستان میں داعش کا نیٹ ورک پکڑاگیاہے تاہم جگہ کے بارے میں مزید کچھ نہیں بتایا،اُنہوں نے واضح کیاکہ دہشتگردی کے واقعات کے مکمل خاتمے کیلئے 10سال لگ سکتے ہیں۔
اماراتی میڈیا کے مطابق آفتاب سلطان ننے سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ و نارکوٹکس کوایک بریفنگ کے دوران بتایاکہ سینکڑوں جنگجوشام میں داعش میں شامل ہوئے ہیں اور خبردار کیاہے کہ یہ پاکستان کیلئے کسی خطرے سے کم نہیں کیونکہ لشکر جھنگوی ، سپاہ صحابہ اور طالبان سمیت دیگر عسکریت پسند گروپ ’داعش‘ کے لیے نرم گوشہ رکھتے ہیں ،داعش سائبر سپیس کا بھی استحصال کررہی ہے ۔
اُنہوں نے کہاکہ ملک میں ہونیوالے دہشتگردی کے بڑے واقعات کے پیچھے زیادہ طالبان کا ہاتھ تھااور کئی افراد پکڑے جاچکے ہیں ۔ حالیہ دنوں میں اسلام آباد کے قریب ترنول میں دہشتگردوں کا ایک ڈپو تباہ کیاگیا، تعلیمی اداروں پر حملوں سے متعلق دو انٹیلی جنس اطلاعات تھیں ۔
اُن کاکہناتھاکہ ملٹری آپریشن شروع ہونے کے بعد دہشتگردی کے واقعات میں قابل ذکرکمی ہوئی ہے ، دہشتگردفرار ہورہے ہیں تاہم آئندہ دس سالوں تک دہشتگردی کے واقعات کا مکمل خاتمہ ممکنہ نہیں ۔