بدھ کی پریس کانفرنس سے پہلے میٹنگ میں طے پایا کہ کیا بولنا ہے: مصطفیٰ کمال
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) چیئرمین پاک سرزمین پارٹی مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ انہوں نے بدھ کی پریس کانفرنس سے پہلے ایم کیو ایم رہنماﺅں سے ملاقات کی جس میں یہ طے پایا کہ پریس کانفرنس میں کیا باتیں کرنی ہیں ۔
ایم کیو ایم پاکستان کے الزامات کے جواب میں بلائی گئی پریس کانفرنس کے دوران مصطفیٰ کمال نے کہا کہ بدھ کی پریس کانفرنس سے پہلے ایم کیو ایم پاکستان اور پاک سرزمین پارٹی میں باضابطہ طور پر میٹنگ ہوئی جس میں پریس کانفرنس میں کی جانے والی باتیں بھی طے پائیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے پاس خواجہ اظہار الحسن کے ہاتھ کا لکھا ہوا پرچہ موجود ہے جس میں ہدایات لکھی ہوئی ہیں کہ پریس کانفرنس میں کیا بات کرنی تھی۔ ’اس پرچے میں کہیں مہاجر اتحاد یا حقیقی کا نام نہیں ہے، اس میں یہ بھی نہیں لکھا ہوا کہ یہ الائنس ہوگا‘۔
یہ خبر بھی پڑھیں: فاروق ستارنے اسٹیبلشمنٹ سے کہہ کر ہمارے ساتھ ملاقات کی: مصطفیٰ کمال
انہوں نے کہا کہ الائنس ہمیشہ دو پارٹیوں میں ہوتا ہے ، وہ ایم کیو ایم کو مانتے ہی نہیں ہیں تو الائنس کس سے کررہے تھے، اگر ایم کیو ایم نام ہوتا تو بول دیا جاتا۔
واضح رہے کہ بدھ کے روز پی ایس پی چیئرمین مصطفیٰ کمال اور ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں سیاسی راستے ایک کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم جمعرات کو ڈاکٹر فاروق ستار نے اس اتحاد سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔