جے یو آئی اور جماعت اسلامی کا اتحادی حکومتوں کو خیرباد کہنے کا فیصلہ

قومی

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) نجی ٹی وی ڈان نیوز کے مطابق متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) کی بحالی کیلئے جمعیت علماءاسلام (جے یو آئی ، ف) اور جماعت اسلامی نے اپنی اپنی اتحادی حکومتوں کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے جمعرات کو ہونے والے متحدہ مجلس عمل کے اجلاس کی اندرونی کہانی بیان کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ مذہبی جماعتوں کے اجلاس میں جے یو آئی اور جماعت اسلامی نے حکومتیں چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایم ایم اے کی بحالی کیلئے جے یو آئی مرکز میں ن لیگ اور جماعت اسلامی کے پی میں تحریک انصاف کو خیرباد کہے گی۔ ذرائع کے مطابق جے یو آئی اور جماعت اسلامی کے دسمبر کے تیسرے ہفتے میں حکومت چھوڑنے کا امکان ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: ملک کی 6 بڑی دینی جماعتوں نے ’’متحدہ مجلس عمل‘‘ بحال کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ،باضابطہ اعلان دسمبر میں کیا جائے گا
واضح رہے کہ جمعرات کو مذہبی جماعتوں کا اجلاس ہوا تھا جس میں 6 جماعتوں نے متحدہ مجلس عمل کی بحالی کا اعلان کیا تھا، دیگر مذہبی جماعتیں بھی اس اتحاد میں مرحلہ وار شامل ہوتی جائیں گی۔