پشین روڈ بم دھماکہ، وزیر اعظم کی ہدایت پر وزیر داخلہ احسن اقبال کوئٹہ روانہ ہوگئے

قومی

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) کوئٹہ کی پشین روڈ پر ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں شہادتوں اور 2درجن سے زائد افراد کے زخمی ہونے کے واقعے کے بعد وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کی خصوصی ہدایت پر وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کوئٹہ روانہ ہوچکے ہیں جہاں انہیں کوئٹہ واقعے کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی جبکہ وہ واقعے کے حوالے سے وزیر اعظم پاکستان کو بریفنگ دیں گے۔

کوئٹہ بم دھماکہ: پاک فوج کے 8 جوانوں اور 7 شہریوں سمیت 15 افراد شہید، 25 افراد شدید زخمی ہوگئے ہیں: آئی ایس پی آر
تفصیلات کے بعد کوئٹہ کے علاقے پشین روڈ پر ہونے والے بم دھماکے کے بعد وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے وزیر اعلی بلوچستان اور وفاقی وزیر داخلہ کو جو سابق وزیر اعظم نواز شریف کی لاہور میں ہونے والی  ریلی میں موجود تھے انہیں فوری طور پر کوئٹہ جانے کی ہدایت کی جبکہ انہوں نے وزیر اعلی بلوچستان کو شہدا کے لواحقین کے ساتھ بھرپور تعاون اور زخمیوں کے لئے بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی بھی ہددایات بھی دیں۔وزیر اعظم کی ہدایات کے فوری بعد وزیر داخلہ احسن اقبال کوئٹہ روانہ ہوگئے ہیں۔
واضح رہے کہ کوئٹہ کے علاقے پشین روڈ پر ہونے والے خود کش دھماکے کے نتیجے میں پاک فوج کے 8جوانوں سمیت15افراد شہید ہوگئے جبکہ زخمی ہونے والے 25افراد میں پاک فوج کے10جوان شامل ہیں ، خود کش حملہ ڈیوٹی پر موجود پاک فوج کے جوانوں کو نشانہ بنا کر کیا گیا۔