امریکہ ٹریلین ڈالر خرچ کرنے کے باوجود منزل حاصل نہیں کر سکا،ہم نےمحدود وسائل کے باوجود دہشتگردی کے خلاف اہم کامیابیاں حاصل کیں:احسن اقبال

قومی

واشنگٹن(ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان نے امریکہ کے مقابلے میں انتہائی محدود وسائل کے باوجود دہشتگردی کے خلاف اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں جبکہ امریکہ ٹریلین ڈالر خرچ کرنے کے باوجود منزل حاصل نہیں کر سکا۔

یہ بھی پڑھیں:قومی لٹیروں اور قاتلوں کا صفایا ناگزیر ،جتنی تاخیر ہو گی ملک کا اتنا زیادہ نقصان ہو گا ، قوم فیصلہ کن کارروائی کی منتظر ہے:ڈاکٹر طاہر القادری

امریکی خبر رساں ادارے ’’وائس آف امریکہ‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ امریکہ کے افغانستان میں خرچ کیے گئے ٹریلین ڈالر کے مقابلے میں ہم نے اپنے محدود وسائل سے گزشتہ چار سالوں میں جو کامیابیاں حاصل کی ہیں ان کا کوئی موازنہ نہیں کیا جا سکتا ، امریکہ ٹریلین ڈالر خرچ کرنے کے باوجود منزل حاصل نہیں کر سکا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان جو کچھ کر رہا ہے وہ کسی کو خوش کرنے کے لیے نہیں کر رہا، پاکستان یہ تمام اقدامات اس لیے کر رہا ہے کہ ہمارا یقین قائد اعظم کے وژن پر ہے ، ہم پر امن پاکستان چاہتے ہیں تا کہ پاکستان اقتصادی قوت بنے ، پاکستان ایک ایشین ٹائیگربنے، اس اقتصادی ترقی کے لیے امن ناگزیر ہے ، امن اور ترقی ساتھ ساتھ ہیں ۔احسن اقبال نے کہا کہ ہم نے دو سال پہلے یو ایس پاکستان نالج کوریڈرو کا منصوبہ شروع کیا تھا اور حکومت پاکستان نے اس کے لیے خطیر وسائل بھی فراہم کیے ہیں ، سیکیورٹی سے نکل کر ہم ایک اقتصادی ایجوکیشن اور سوشل ڈویلپمنٹ کے ماڈل پر جانا چاہتے ہیں تا کہ امریکہ کے تجربے سے پاکستان کی ترقی کے لیے فائدہ اٹھا سکیں۔