شیخ رشید کا وزیر اعظم کی نااہلی کا ریفرنس دائر کرنے کا اعلان، راولپنڈی کا سب سے بڑا جلسہ کرنے جارہے ہیں: سربراہ عوامی مسلم لیگ
راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ راولپنڈی کا سب سے بڑا جلسہ کرنے جارہے ہیں ہم پر امن لوگ ہیں ، تھانوں پر حملے کرنے والے نہیں ہیں اور نہ ہی ہم ایفیڈرین کیس میں ملوث ہیں اور اگر کسی نے جلسے میں رکاوٹ ڈالی تو ذمہ دار شہباز شریف ہوں گے۔انہوں نے وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔
راولپنڈی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو جلسے میں شرکت کی دعوت دیتا ہوں ۔ پاکستان تحریک انصاف ہماری اتحادی پارٹی ہے اور عمران خان سے تعلق کسی دعوت کا محتاج نہیں۔ ہماری ریلی میں کوئی موٹر سائیکل نہیں ،صرف پیدل مشعل بردار ہوں گے ۔کسی قیمت پر قانون ہاتھ میں نہیں لینے دیں گے نہ شہر کا امن تباہ ہونے دیں گے ، انتظامیہ سے کہا ہے صرف ایک راستہ دے دیں چاہے فاصلے سے ہی ہو کیونکہ جو ناکام ہوگئے وہ شرارت کر سکتے ہیں ۔
شیخ رشید احمد نے وزیر اعظم نواز شریف کی نا اہلی کے حوالے سے ریفرنس دائر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پیر کے روز وزیر اعظم کے خلاف سپیکر قومی اسمبلی کے پاس ریفرنس دائر کروں گا ۔ اسمبلی کا کورم تو پورا ہوتا نہیں ہے اس لیے سپیکر کو مصروف رکھنے کیلئے ریفرنس دائر کروں گا۔