قوم کے بچوں کواعلی تعلیم کے حصول کیلئے مالی وسائل کی مشکلات کو آڑے نہیں آنے دیا جائیگا:شہبازشریف

قوم کے بچوں کواعلی تعلیم کے حصول کیلئے مالی وسائل کی مشکلات کو آڑے نہیں آنے ...
قوم کے بچوں کواعلی تعلیم کے حصول کیلئے مالی وسائل کی مشکلات کو آڑے نہیں آنے دیا جائیگا:شہبازشریف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیاء اور پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے ملک بھر کے مالی مشکلات سے دوچار2 لاکھ سے زائدطلبا وطالبات زیور تعلیم سے آراستہ ہورہے ہیں اور اس تعلیمی فنڈکی آمدن سے اب تک 12ارب روپے کے وظائف میرٹ کی بنیاد پر تقسیم کیے جاچکے ہیں،اگریہ تعلیمی فنڈ70سال قبل معرض وجود میں آجاتا تو آج 2لاکھ کی بجائے 2کروڑ سے زائدہونہار بچے اوربچیاں اپنی تعلیمی پیاس بجھا رہے ہوتے۔
ان خیالات کا اظہار وزیراعلی پنجاب نے منتخب نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اعلی تعلیم صرف اشرافیہ کی میراث نہیں بلکہ یہ پاکستان کے ہر بچے کا حق ہے اورپنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے غریب گھرانوں کے ہونہار بچوں پر اعلی تعلیم کے دروازے کھلے ہیں اوراس فنڈسے صرف پنجاب ہی نہیں بلکہ سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخواہ،گلگت بلتستان، آزاد کشمیراورپاکستان بھر سے طلبا و طالبات مستفید ہورہے ہیں جس سے قومی یکجہتی اور بھائی چارے کو فروغ ملا ہے ۔انہوں نے کہاکہ قیام پاکستان کا ایک مقصد سب کو یکساں تعلیمی مواقعوں کی فراہمی بھی ہے اور قیام پاکستان کے اس اہم مقصد کی تکمیل میں یہ فنڈاہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ قائم کر کے قوم کے تابناک مستقبل کی بنیاد رکھ دی ہے اوریہ فنڈ محنت ،امانت اور دیانت کی کامیاب کہانی ہے ۔ جس نے قوم کے غریب بچے بچیوں پر معیاری تعلیم کے دروازے کھول دےئے ہیں اوراس فنڈ سے قوم کے نوجوان ڈاکٹرز، انجینئرز، بینکرز، ٹیچرز بن رہے ہیں اورملک کی تعمیر وترقی میں اپنا بھر پور کردارادا کررہے ہیں ۔ اعلی تعلیم صرف اشرافیہ کا حق بن کررہ گیا تھا جبکہ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ نے یہ حق کم وسیلہ بچوں اور بچیوں تک پہنچایا ہے ۔ اس فنڈ کے تحت غریب گھرانوں کے ذہین بچے اوربچیا ں ملکی اورغیر ملکی یونیورسیٹوں میں اعلی تعلیم حاصل کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اشرافیہ کے بچے تودنیا کے بڑے تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کریں جبکہ غریب کا ہونہار بچہ تعلیم سے محروم رہے،اسی تعلیمی تفاوت کو دور کرنے کیلئے پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ بنایا گیاہے ۔معاشی تفاوت اسلامی تعلیمات کے خلاف ہے۔ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ نہ صرف پاکستان کا سب سے بڑا تعلیمی فنڈ ہے بلکہ جنوبی ایشیاء میں ایسا تعلیمی فنڈ موجود نہیں ہے اور پنجاب حکومت نے کم وسیلہ خاندانوں کے ہونہار بچوں او ربچیوں کو اس فنڈ کے ذریعے ان کا حق دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب میں میرٹ سکہ رائج الوقت ہے اوردیگر تمام پروگراموں کی طرح تعلیمی فنڈ کے اجراء میں بھی میرٹ کی بالادستی ہے، تمام وظائف صرف اورصرف میرٹ کی بنیاد پر جاری کیے جاتے ہیں،وزیراعلیٰ ، وزیر یا رکن اسمبلی کسی کی سفارش نہیں کرسکتا، یہ وظیفہ صرف اورصرف بچوں کی محنت کی بنیاد پر ہی ملتا ہے اور اس وظیفے سے تعلیم حاصل کرنے والے بچے پاکستان کانام روشن کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ قوم کے بچوں کواعلی تعلیم کے حصول کے لئے مالی وسائل کی مشکلات کو آڑے نہیں آنے دیا جائے گا۔

مزید :

قومی -