عمران خان اور نواز شریف کے کیس میں بہت فرق , سپریم کورٹ نے کبھی جھنجھلاہٹ کا اظہار نہیں کیا:فواد چوہدری
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان اور نواز شریف کے کیس میں بہت فرق ہے، سپریم کورٹ نے عمران خان کیس میں جھنجھلاہٹ کا اظہار نہیں کیا، نواز شریف پر ملکی خزانہ لوٹنے کا الزام ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان کا کیس ہرگز پانامہ کیس کا ہم پلا نہیں ہے، نواز شریف پر ملکی خزانہ لوٹنے کا الزام ہے جبکہ عمران خان کبھی عوامی عہدے پر نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کیس میں سپریم کورٹ نے کبھی جھنجھلاہٹ کا اظہار نہیں کیا۔ عمران خان کے وکیل بیمار ہیں وہ 27جولائی تک چھٹیوں پر ہیں ان کا بیرون ملک علاج ہو رہ اہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بنی گالہ کی منی ٹریل دی ہے جبکہ جمائما کی بنک سٹیٹمنٹ بھی سپریم کورٹ میں جمع کرا دی ہے، آف شور کمپنی کی منی ٹریل بھی جمع کرائیں گے۔انہوں نے کہا کہ 1971ء سے لیکر 1983ء تک انہوں نے کاؤنٹی کرکٹ سے جو پیسا کمایا اس کا ریکارڈ بھی سپریم کورٹ میں جمع کرائیں گے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان نے تمام منی ٹریل جمع کرائی ہے اب ان کی عید اور جیب خرچ کا حساب رہ گیا ہے۔