کینیڈین خاندان کو امریکی انٹیلی جنس اطلاعات پر پاک فوج نے آپریشن کر کے باز یاب کرایا:ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا نے کہا ہے کہ کینیڈین خاندان کو امریکی انٹیلی جنس اطلاعات پر پاک فوج نے آپریشن کر کے باز یاب کرایا ،تمام غیر ملکیوں کو افغانستان میں اغواکیا گیا تھا ،امریکہ نے پاکستان کے تعاون اور مغویوں کی بازیابی کے لیے کارروائی کو سراہا ۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں بھارت کا وسیع کردار خطے کے مفاد میں نہیں ،بھارت کا کردار خطے کے استحکام کے لیے خطرناک ہے ۔ترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر ایک دیرینہ حل طلب مسئلہ ہے، عالمی برادری معصوم کشمیریوں پر مظالم کا نوٹس لے ،مقبوضہ کشمیرمیں گمنام قبروں کامعاملہ بھارتی مکروہ چہرے کوبے نقاب کرتاہے۔ان کاکہنا تھا کہ سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کی دورہ روس میں حکام سے ملاقات اچھی رہی،سیکرٹری خارجہ نے ایس سی او رابطہ گروپ برائے افغانستان کے اجلاس میں شرکت کی۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اعلیٰ سطح امریکی وفد پاکستان کے دورے پر ہے جس کی وزیرخارجہ اورسیکرٹری خارجہ سے ملاقاتیں ہوئی ہیں،اس دوران پاکستان اورامریکا نے رابطے جاری رکھنے پراتفاق کیا۔