نواز شریف کی مزار اقبال پر حاضری، پھولوں کی چادر چڑھائی، مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کیے
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق وزیر اعظم نواز شریف مزار اقبال پر حاضری کیلئے حضوری باغ پہنچ گئے ہیں ، وزیر داخلہ احسن اقبال، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، پرویز رشید، آصف کرمانی اور حمزہ شہباز سمیت مسلم لیگ کے متعدد رہنما بھی ان کے ہمراہ ہیں۔
نجی ٹی وی اے آروائی نیوز کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف 36 گاڑیوں کے قافلے میں جاتی امرا کیلئے روانہ ہوئے جبکہ ان کے پروٹوکول کا راستہ کلیئر رکھنے کیلئے 700 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے۔ سابق وزیر اعظم مزار اقبال پر پہنچے تو پہلے سے موجود حمزہ شہباز نے ان کا استقبال کیا ، اس موقع پر مسلم لیگ ن کی صوبائی و مرکزی قیادت بھی موجود تھی۔
نواز شریف نے مزار اقبال پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، اس موقع پر انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کیے۔