چاروں وزرائے اعلیٰ نے ون بیلٹ ون روڈ فورم کو چار چاند لگادیے، شہباز شریف، بلوچستان میں دہشتگردی سے بھارت نے اپنا پیغام پہنچایا: ثنا ءاللہ زہری

چاروں وزرائے اعلیٰ نے ون بیلٹ ون روڈ فورم کو چار چاند لگادیے، شہباز شریف، ...
چاروں وزرائے اعلیٰ نے ون بیلٹ ون روڈ فورم کو چار چاند لگادیے، شہباز شریف، بلوچستان میں دہشتگردی سے بھارت نے اپنا پیغام پہنچایا: ثنا ءاللہ زہری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

بیجنگ (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ون بیلٹ ون روڈ کا سب سے زیادہ فائدہ پاکستان اٹھا رہا ہے ، چاروں وزرائے اعلیٰ نے چین آ کر فورم کو چار چاند لگادیے، سب کا اکٹھے یہاں آنا باہمی اعتماد کا مظہر ہے ۔ ہمارا دشمن نہیں چاہتا کہ پاکستان ترقی کرے اسی لیے ہندوستان نے اس فورم میں شرکت نہیں کی۔
ون بیلٹ ون روڈ فورم میں شرکت کیلئے چین گئے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ون بیلٹ ون روڈ کسی خاص خطے تک محدود نہیں ہے بلکہ یہ منصوبہ پوری دنیا کیلئے ہے جس کا سب سے زیادہ فائدہ پاکستان اٹھا رہا ہے کیونکہ دنیا بھر میں کسی بھی ملک میں اس منصوبے کے تحت پاکستان جتنی پچاس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری نہیں ہو رہی ۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک کاغذی نہیں بلکہ اس کے تحت کئی منصوبے مکمل ہوچکے ہیں۔ چینی سی پیک پر کام کی رفتار پر بڑے مطمئن ہیں اور برملا اس پر اطمینان کا اظہار کرتے ہیں ، چین میں پاکستان سپیڈ کی بات ہو رہی ہے۔بینک آف چائنہ کے پاکستان آنے سے دونوں ملکوں کے تعلقات مزید گہرے ہوں گے اور اقتصادی تعاون فروغ پائے گا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چاروں وزرائے اعلیٰ نے ون بیلٹ ون روڈ فورم میں شرکت کرکے اسے چارچاند لگادیے۔ ہاتھی کے دانت کھانے کے اور دکھانے کے اور ہوتے ہیں، یہاں سیاست نہیں ہے بلکہ یہ خالصتاً پاکستان کی خدمت ہے ۔ جب ہم پاکستان میں ہوتے ہیں تو وہاں سیاست بھی چلتی ہے لیکن چاروں وزرائے اعلیٰ کا یہاں آنا باہمی اعتماد کا اظہار ہے۔
اس موقع پر صحافیوں نے وزیر اعلیٰ شہباز شریف سے کہا کہ پرویز خٹک اور وزیر اعظم کی ون آن ون ملاقات نہیں ہوئی ، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا وزیر اعظم سے ملاقات کرکے سی پیک پر اپنے تحفظات پیش کرنا چاہتے ہیں، صحافیوں نے شہباز شریف سے دونوں کی ملاقات میں کردار ادا کرنے کی درخواست کی جس پر انہوں نے کہا کہ وہ خصوصی طور پر اس ملاقات کیلئے کردار ادا کریں گے اور ملاقات کا پیغام وزیر اعظم کو پہنچادیں گے۔

راہداری منصوبے کی کوئی جغرافیائی سرحدیں نہیں ، آنے والی نسلوں کے لئے امن کی میراث چھوڑنے کا وقت آگیا: وزیراعظم نوازشریف
بلوچستان میں دہشتگردی کے دو بڑے واقعات پیش آنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا ہمارے دشمن کو بہت تکلیف ہے کہ پاکستان ترقی کر رہا ہے، وہ نہیں چاہتا کہ پاکستان ترقی کرے ، یہی وجہ ہے کہ ہندوستان اس فورم میں شرکت نہیں کر رہا ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللہ زہری نے کہا کہ مزدوروں پر فائرنگ کا واقعہ گوادر میں پیش نہیں آیا ، گوادر 500 کلومیٹر پر پھیلی ہوئی پٹی ہے اور مزدوروں پر فائرنگ کا واقعہ وہاں سے 60 سے 70 کلومیٹر دور کسی سڑک پر کام کے دوران پیش آیا ۔ اس طرح کے واقعات ہوتے رہتے ہیں ، ہندوستان یہاں نہیں آیا تو اس کا مطلب ہے کہ وہ کسی طریقے سے تو پیغام پہنچائے گا۔

مزید :

قومی -اہم خبریں -