اگر ثابت ہو جائے کہ پی ٹی وی پر حملہ تحریک انصاف نے کیا تو سیاست چھوڑ دوں گا: عمران خان
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سر براہ عمران خان نے کہا ہے کہ اس وقت ملک میں قانون نام کی کوئی چیز نہیں ہے اور حکومت قانون کی دھجنیاں اڑا رہی ہے، پی ٹی وی پر حملے کے مقدمے میں میرے اور پرویز خٹک کے وارنٹ گرفتاری پر دنیا ہنس رہی ہے ، دراصل حکومت ڈرانے کی کوشش کر رہی ہے مگر اس سے ہمارے کارکن دوبارہ چارج ہو گئے ہیں اور صرف حکومت کا چہرہ ہی بے نقاب ہوا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت چاہتی ہے کہ یہ لوگ آئی ایس آئی سے پیسے لیں، کرپشن کریں اور الیکشن میں دھاندلی کرتے رہیں مگر ان کو کچھ نہ کہا جائے مگر ہم نے ان کے خلاف اصولی موقف اپنایا ہے اور 30نومبر کو اپنی احتجاجی تحریک کو نیا رخ دیں گےتاہم اگر حکومت پی ٹی وی پر حملے میں ہمارا ہاتھ ثابت کر دے تو میں سیاست ہی چھوڑ دوں گا۔ میڈیا کو جاری اعلامیے کے مطابق پارلیمانی پارٹی کا یہ اجلاس خیبر پختونخواہ ہاؤس میں منعقد ہوا جس میں 30 نومبر کو کئے جانے والے احتجاجی جلسے کے حوالے سے منصوبہ بندی کرنے کے علاوہ عمران خان سمیت دیگر افراد کے وارنٹ گرفتاری پر بھی غور کیا گیا۔