مریم نواز کی ایک شہری سے زیادہ کوئی حیثیت نہیں ، پی ٹی وی کا کوریج دینا قابل مذمت ، بابر اعوان

قومی

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ڈاکٹر بابر اعوان کا کہنا ہے کہ مریم نواز کی ایک شہری سے زیادہ کوئی حیثیت نہیں ، پی ٹی وی کا انہیں کوریج دینا قابل مذمت ہے، نعیم الحق کہتے ہیں کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت آج (جمعرات کو) اسلام آباد ہائی کورٹ میں تین ججز پر مشتمل لارجر بینچ کرے گا، الیکشن کمیشن میں اس سماعت کے حوالے سے ہائی کورٹ کا تحریری حکمنامہ پیش کیا اور درخواست کی کہ وہ معاملہ التوا میں ڈالیں۔ الیکشن کمیشن کو یہ بھی کہا کہ عمران خان تمام اداروں کا احترام کرتے ہیں اس لیے الیکشن کمیشن جب مناسب سمجھے گا وہ پیش ہو جائیں گے۔ڈاکٹر بابر اعوان کا کہنا تھا پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے کہ عمران خان نا اہل ہو جائیں گے لیکن یہ بات واضح ہوجانی چاہیے کہ الیکشن کمیشن میں عمران خان کے خلاف نا اہلی کا کوئی مقدمہ زیر سماعت نہیں ہے۔
انہوں نے اس موقع پر مریم نواز اور سرکاری ٹی وی کو بھی کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ این اے 120 میں چار پارٹیوں کے امیدوار ہیں لیکن سرکاری ٹی وی پر کوریج صرف مریم نواز کو دی جا رہی ہے، پاکستان کا سرکاری ٹی وی ہمارے خرچے پر چلتا ہے، مریم نواز کی ایک شہری کے علاوہ کیا حیثیت ہے؟۔
اس موقع پر نعیم الحق نے کہا کہ مریم نواز کی انتخابی مہم کی پی ٹی وی پر کوریج قابل قبول نہیں ہے، الیکشن کمیشن اس کا نوٹس لے اور یکطرفہ کارروائی کرکے معاملہ انجام تک پہنچایا جائے ۔ صرف نوٹس لینے سے کام نہیں ہوگا بلکہ الیکشن کمیشن انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کرے۔