اسلحہ لائسنس پر پابندی کے باوجو د حکومت نے ملک کی 4اہم ترین شخصیات کوممنوعہ اور غیر ممنوعہ بور کے اسلحہ لائسنس جاری کر دیئے
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت نے اسلحہ لائسنس پر پابندی کے باوجو د ملک کی 4اہم ترین شخصیات کوممنوعہ اور غیر ممنوعہ بور کے اسلحہ لائسنس جاری کر دیئے ،اسلحہ لائسنس حاصل کرنے والوں میں صدر ممنون حسین کے بیٹے سلمان حسین،وزیر اعظم نواز شریف، جسٹس سرمد جلال عثمانی اور جسٹس ثاقب جیلانی شامل ہیں۔ڈان نیوز کے مطابق موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالنے کے فوراً بعد نا صرف ممنوعہ اور غیر ممنوعہ اسلحہ کے لائسنس جاری کرنے پر پابندی لگائی بلکہ مبینہ طور پر پاکستان پیپلز پارٹی کی سابق حکومت کے جاری کردہ ہزاروں لائسنسوں کی تصدیق کا بھی حکم دیا۔تاہم وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے پابندی ہونے کے باوجود چا رلوگوں کو خصوصی اسلحہ لائسنس فراہم کرنے کی تصدیق کی ہے ۔تحریر ی معلومات کے مطابق، وزیر اعظم کو رواں سال جون میں غیر ممنوعہ بور کا لائسنس جاری ہوا۔یہ معلوم نہ ہو سکا کہ وزیر اعظم کس قسم کا اسلحہ رکھ سکیں گے،تاہم، صدر مملکت کے بیٹے کوسلمان کو ان کے نام پر جون میں ممنوعہ بور کے تین لائسنس جاری کیے گئے۔ جسٹس سرمد جلال عثمانی کو بھی ایک غیر ممنوعہ بور کا لائسنس جاری ہوا جبکہ جسٹس ثاقب جیلانی کو وزارت داخلہ نے دو غیر ممنوعہ اور ایک ممنوعہ بور کے لائسنس دیئے ۔خیال رہے کہ ممنوعہ بور کے اسلحہ میں اے کے-47، مشین گن، سب مشین گن وغیرہ اور خود کار ہتھیار جبکہ غیر ممنوعہ اسلحہ میں شارٹ گن، ریوالور، پستول وغیر شامل ہیں۔واضح رہے کہ وزیر داخلہ نے یہ نہیں بتایاکہ مذکورہ چاروں درخواست گزاروں کو کن بنیادوں پر لائسنس جاری ہوئے۔