”عمران خان اور نواز شریف کے کیس میں سب سے بڑا فرق یہ ہےکہ؟ “سپریم کورٹ کے فیصلے سے پہلے حامد میر نے بڑی بات کہہ دی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )سینئر صحافی اور معروف اینکر پرسن حامد میر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن پہلے ہی کہتی ہے کہ عدالتوں نے پاناما کیس میں انصاف پر مبنی فیصلہ نہیں دیا ،اب اگر عمران خان بچ جاتے ہیں تو کہیں گے کہ عدالتوں نے ان کیسز میں مختلف رویہ اختیار کیا ہے حالانکہ دونوں کیسوں میں زمین آسمان کا فرق ہے ۔نجی نیوز چینل جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان پر منی لانڈرنگ کا الزام نہیں ہے لیکن نواز شریف پر منی لانڈرنگ کا الزام تھا ۔انہوں نے بتا یا کہ عمران خان پر الزام ہے کہ انہوں نے انگلینڈ میں کرکٹ کھیل کر جو پیسے کمائے وہ پاکستان کیسے لے کر آئے ،نیازی سروس لیمیٹڈ کمپنی کاغذات نامزدگی میں ظاہر کیوں نہیں کیا اور بنی گالا کی زمین کے پیسے کس نے اور کیسے دئیے ،دوسری جانب نواز شریف پر پاکستان سے پیسے باہر بھجوانے کا الزام تھا ۔حامد میر نے کہا کہ کئی لوگ جمائما کے خط کو قطری خط کے ساتھ بھی ملاتے تھے حالانکہ ان میں بھی موازنہ نہیں کیا جا سکتا کیو نکہ قطری خط کے ساتھ دستا ویز نہیں تھے اور وہ عدالتوں کے سامنے بھی پیش ہونے کو تیار نہیں تھے جبکہ جمائما کے خط کے ساتھ دستا ویز بھی موجود تھے اور وہ عدالتوں کے سامنے کے لیے بھی تیار تھیں ۔سینئر صحافی نے مزید کہا نواز شریف اور جہانگیر ترین کے کیس میں کافی مماثلت پائی جاتی ہے اس لیے ان کے خلاف سخت فیصلہ آنے کا امکان ہے ۔