تحریک لبیک کا دھرنا ختم کرانے کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی ،علماءکرام نے مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے: طارق فضل چوہدری

قومی

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر مملکت برائے کیڈ طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ تحریک لبیک کا دھرنا ختم کرانے کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جس پر علماءکرام نے مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے کہا کہ حکومت پوری کوشش کر رہی ہے کہ پر امن طریقے سے مسئلے کو حل کیا جائے اور دھرنا ختم کرایا جائے تاکہ عوام کی مشکلات میں کمی آئے۔ انہوں نے بتایا کہ چیئرمین مسلم لیگ ن راجہ ظفرالحق کی سربراہی میں پارٹی کی اعلیٰ قیادت پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو تحریک لبیک کا دھرنا ختم کرانے کیلئے مذاکرات کر رہی ہے۔ تحریک لبیک کے علماءکرام نے اس کمیٹی سے ملاقات بھی کی جس میں علماءکرام نے اس کمیٹی پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔