تحریک انصاف نے اسلام آباد میں دفعہ 144 کا نفاذ عدالت میں چیلنج کردیا
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان تحریک انصاف نے وفاقی حکومت کی جانب سے دفعہ 144 کا نفاذ ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماﺅں شاہ محمود قریشی ، جہانگیر ترین، عارف علوی، اسد عمر اور دیگر کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اور راولپنڈی میں دفعہ 144 کا نفاذ غیر آئینی اور غیر قانونی تھا جس کا مقصد عوام کو احتجاج کے آئینی اور دھرنے کے حق سے روکنا تھا، انتظامیہ نے دفعہ 144 کے نفاذ کی آڑ میں سیکڑوں افراد کو گرفتار کیا جو بالکل درست نہیں ہے ۔درخواست گزاروں نے عدالت عالیہ سے استدعا ہے کہ دفعہ 144 کے نفاذ کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے گرفتاریوں کو روکنے کا حکم جاری کیا جائے۔درخواست میں وزرات داخلہ، آئی جی اسلام آبادطاہر عالم ، آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا، آئی جی آزاد کشمیر، چیف کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کو فریق بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ 3 روز کے دوران پولیس نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے الزام میں 700 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا تھا۔