نیب نے اسحاق ڈارکانام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کر دی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) قومی احتساب بیورو نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لئے وزرات داخلہ کو درخواست دے دی ہے جس میں وزارت داخلہ سے فوری اقدامات کرنے کی سفارش کی گئی ہے،نیب کی جانب سے وزارت داخلہ کو لکھے گئے خط میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسحاق ڈار جان بوجھ کر احتساب عدالت میں پیش نہیں ہورہے، وہ ناقابل ضمانت وارنٹ کے باوجود عدالت میں پیش نہیں ہوئے اس لیے ان کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے۔
پارلیمانی رہنماﺅں کا اجلاس ختم،ختم نبوت سے متعلق شقوں کو اصل حالت میں بحال کرنے پراصولی اتفاق ،متحدہ کے حلقہ بندیوں پر اعتراضات برقرار
تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیور و(نیب )کی جانب سے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے وزارت داخلہ کو درخواست بھیجی ہے جس کے ساتھ کورنگ لیٹر اور احتساب عدالت کی جانب سے جاری ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی نقل بھی لگائی گئی ہے۔نیب کی درخواست پر وزارت داخلہ کی تین رکنی کمیٹی اسحاق ڈار کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق فیصلہ کرے گی جو آئندہ 72 گھنٹوں میں متوقع ہے۔واضح رہے کہ نیب نے پاناما کیس کے فیصلے کی روشنی میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا ایک ریفرنس دائر کیا ہے جس میں وزیر خزانہ پر فرد جرم بھی عائد ہوچکی ہے جب کہ اسحاق ڈار گزشتہ کئی روز سے لندن میں موجود ہیں جہاں ان کا علاج جاری ہے۔اضح رہے کہ دو روز قبل احتساب عدالت نے اثاثہ جات ریفرنس میں عدم پیشی پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے جبکہ وفاقی وزیر خزانہکے ضامن احمد علی قدوسی کو بھی شوکاز نوٹس جاری کردیا تھا۔ عدالت کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار آئندہ سماعت پر نہ آئے تو ضمانتی مچلکے ضبط کرلیے جائیں گے۔