پاک فوج کی دہشتگردوں کیخلاف کارروائیاں ،24گھنٹوں میں 100انتہا پسند مارے گئے ،متعدد گرفتار :آئی ایس پی آر
راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن )آئی ایس پی آر نے کہاہے کہ گزشتہ24گھنٹوں میں پنجاب سمیت ملک بھر میں کومبنگ آپریشن کے دوران 100دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیاہے ،جبکہ متعدد افراد کو گرفتار بھی کیا گیاہے ،آرمی چیف نے کہاہے کہ فوج ہرقسم کے خطرے کے خلاف پاکستانی عوام کی سیکیورٹی کے لیے ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک میں جاری حالیہ دہشتگردی کی لہر کے باعث 100سے زائد پاکستانی شہری شہید ہو چکے ہیں جس پر آرمی چیف نے فوری اور سخت کارروائی کا حکم جاری کیا تھا جس کے بعد پاک فوج نے ملک بھر میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کومبنگ اور سرچ آپریشن شروع کر دیئے ہیں جس میں اب تک 100دہشتگرد مارے گئے ہیں ۔
مزیدپڑھیں:Yayvo اور PSL اکٹھے ہو گئے، کرکٹ جنونیوں کا مزہ دوبالا ہو گیا
پاک فوج کے ادارہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر ) کا کہناہے کہ آرمی چیف نے گزشتہ رات دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کے احکامات دیے تھے،جس کے بعدانٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیے گئے جس میں 100دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے ہیں جبکہ سرچ آپریشن اور کومبنگ آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں گرفتاریاں بھی ہوئی ہیں ، انٹیلی جنس ادارے حالیہ واقعات کے پیچھے نیٹ ورکس بے نقاب کرنے میں پیشرفت کررہے ہیں۔
آئی ایس پی آر کاکہناتھاکہ دہشت گردی کے واقعات میں سرحد پارسے تعاون کے روابط موجود ہیں جبکہ افغان بارڈرسیکیورٹی وجوہات کی بنا پربند کردیا گیا ہے، پاک افغان سرحد پر دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو موثر طور پرنشانہ بنایا گیا ہے ، افغانستان سے کسی کو غیرقانونی طورپرداخل نہیں ہونے دیں گے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہناہے کہ فوج ہرقسم کے خطرے کے خلاف پاکستانی عوام کی سیکیورٹی کے لیے مستعد ہے،پوری قوم کواپنی مسلح افواج کےساتھ اعتماد کےساتھ ثابت قدم رہنا ہے،ہم دشمن کا ایجنڈا کسی بھی قیمت پر کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔