پاکستان میں دہشت گردی کے پیچھے افغانستان کی زمین اور بھارت کا ہاتھ استعمال ہو رہا ہے ، دشمن کا حساب برابر کرنے کیلئے تیار ہیں:رانا تنویر حسین
لاہور (این این آئی ) مریدکے وفاقی وزیر دفاعی پیدا وار سائنس و ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کے پیچھے افغانستان کی زمین اور بھارت کا ہاتھ استعمال ہو رہا ہے،دشمن سن لے دنیا کا کوئی ملک بھی پاکستان کے ساتھ ٹکرایا دنیا کی صفہ ہستی سے مٹ جائے گا۔
مریدکے میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا دشمن یہ جان چکا ہے کہ پاکستان دنیا کی معاشی اور دفاعی ضرورت بن کرابھر رہا ہے اس لئے یہاں دہشتگردی کرائی جارہی ہے، افغانستان کو کہہ دیا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کے پیچھے اس کی زمین اور بھارت کا ہاتھ استعمال ہو رہا ہے ،پاکستان ایک پر امن ایٹمی ملک ہے اس کے ساتھ جو بھی ٹکرائے گا دنیا کی ہستی سے مٹ جائے گا امریکا بھی پاکستانی فوج کی صلاحیت اور ہماری ہمت حوصلے کو جانتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ جن حالات سے ہم گزر رہے ہیں ہماری جگہ امریکا ہوتا تو بھاگ جاتا، مگر ہم دشمن کا حساب برابر کرنے کیلئے تیار ہیں , ہمیں معلوم ہےدشمن کو سی پیک منصوبہ، پاکستان کی ابھرتی ہوئی معیشت اور دنیا کی پانچویں سٹاک ایکسچینج اچھی نہیں لگ رہی ،سانحہ لعل شہباز لاہور اور دیگر دہشتگردی کے واقعات کا بدلہ لیں گے، ایسے حالات میں عمران خان سیاسی بیان بازی کرکے غیرملکی ہاتھوں کو تقویت دے رہے ہیں قوم انہیں معاف نہیں کر ے گی ۔