عوامی خدمات کی وجہ سے ترک عوام نے جمہوریت کو بچایا ،پاکستان میں فوج آئی تو لوگ جشن منائیں گے :عمران خان

عوامی خدمات کی وجہ سے ترک عوام نے جمہوریت کو بچایا ،پاکستان میں فوج آئی تو ...
عوامی خدمات کی وجہ سے ترک عوام نے جمہوریت کو بچایا ،پاکستان میں فوج آئی تو لوگ جشن منائیں گے :عمران خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

مظفر آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ اگر پاکستان میں فوج آئی تو لوگ مٹھائیاں بانٹ کر جشن منائیں گے ،ترکی میں حکومت نے عوام کو خوشحالی دی اس لیے عوام نے جمہوریت کو بچایا ،پاکستان میں جمہوریت کو فوج سے نہیں بلکہ نواز شریف کی آمریت اور بادشاہت سے خطرہ ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کبھی بھی مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے بھارت پر دباو نہیں ڈال سکتا ،نواز شریف نے کشمیر کی حالیہ صورتحال پر بھی راحیل شریف کے بعد بیان دیا ۔
آزادکشمیر کے علاقے چکسواری میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ترکی میں جمہوریت حکومت کو ہٹانے کی کوشش کی گئی لیکن جمہوریت کو بچانے کے لیے عوام سڑکوں پر نکل آئی ۔ترکی میں لوگوں نے جمہوریت کو اس لیے بچا یا کیو نکہ وہاں حکومت نے عوام کو خوشحالی دی ۔ترک صدر نے اقتدار میں آکر ملک کے قرضے ختم کیے ،تعلیم پر پانچ گنا زیادہ پیسے خرچ کیے ،ہسپتالوں کی حالت ٹھیک کر کے غریبوں کے لیے مفت علاج کی سہولتیں دیں اور ترک کرنسی کی قدر میں اضافہ کیا ،اس لیے جب چند فوجیوں نے حکومت گرانے کی کوشش کی تو عوام سڑکوں پر آگئی ۔عمران خان نے کہا اگر پاکستان میں فوج آجائے تو لوگ مٹھائیاں بانٹ کر جشن منائیں گے کیو نکہ نواز شریف نے ذاتی دولت بڑھائی ،ملک کے قرضوں میں تین سالوں کے دوران 6ہزار ارب روپے اضافہ کیا ،کرپشن سے مال بنا یا اور اداروں کو غلام بنا لیا ۔انہوں نے کہا کہ ابھی تک قوم کو بیرون ملک پیسوں کا جواب نہیں مل سکا ،حسنی مبارک ،کرنل قذافی اور صدار حسین بھی جواب نہیں دیتے تھے ۔
انہوں نے کہا کہ جب تک پاکستان کو مضبوط نہیں ہوتا تب تک مسئلہ کشمیر کے حوالے سے انڈیا پر بین الاقوامی طور پر دباو نہیں ڈال سکتے ۔ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو اپنے کارو بار کا فکر ہے اس لیے وہ کبھی بھی بھارت کے ساتھ مسئلہ کشمیر پر بات نہیں کرے گا ۔عمران خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں حالیہ دنوں کی صورتحال پر بھی نواز شریف کی کوئی آواز نہیں نکلی ،جب جنرل راحیل شریف کا بیان آیاتو اس کے بعد نواز شریف نے بھی ایک چھوٹا سا بیان دے دیا ۔انہوں نے مزید کہاکہ ہم پہلے اپنے ملک کو اندرونی طور پر مضبوط کریں گے پھر بھارت سے مسئلہ کشمیر سمیت تمام تنازعات پر بات کریں گے ۔

مزید :

قومی -اہم خبریں -