شہباز شریف کی نا اہلی کیلئے دائر درخواست ابتدائی سماعت کیلئے منظور

قومی

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے شہباز شریف کی نا اہلی کیلئے دائر درخواست ابتدائی سماعت کیلئے منظور کرلی ۔
تفصیلات کے مطابق شہباز شریف کی نا اہلی کی درخواست چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے دائر کی گئی ۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے درخواست ابتدائی سماعت کیلئے مقرر کرتے ہوئے معاملہ جسٹس شاہد کریم کو بھجوادیا ۔ جسٹس شاہد کریم کل (منگل) سے درخواست کی باقاعدہ سماعت کریں گے۔
نا اہلی کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف نے نواز شریف کو 6 ارب روپے کے تحائف دیے ہیں لیکن یہ نہیں بتایا کہ انہوں نے اتنی رقم کن ذرائع سے حاصل کی اور کوئی منی ٹریل پیش نہیں کی۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ شریف خاندان کے اثاثے جے آئی ٹی رپورٹ کے مطابق آمدن سے مطابقت نہیں رکھتے اس لیے شہباز شریف کو وزارت عالیہ کے عہدے سے ہٹا کر نا اہل قرار دیا جائے۔