وزیر اعظم سے خواجہ محمد آصف اور اسپیکر ایاز صادق کی ملاقات، اہم امور پر اظہار خیال

قومی

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم نواز شریف سے وزیردفاع خواجہ محمد آصف اور اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے اسلام آباد میں ملاقات کی ہے۔
نجی ٹی وی چینل ’اب تک‘ کے اپنے ذرائع کے حوالے سے کہناتھا کہ مسلم لیگ ن کے رہنما ﺅں نے وزیراعظم نواز شریف سے اہم ملاقات کی۔ جس میں پانامہ عملدرآمد کیس سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاناما کیس میں جے آئی ٹی کی تحقیقاتی رپورٹ اور سپریم کورٹ میں کارروائی کا مکمل جائزہ بھی لیا گیا۔ دونوں رہنماﺅں کی جانب سے وزیراعظم پر اعتماد کا اظہار کیا گیا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ مسلم لیگ ن ہر میدان میں سازشی عناصر کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔

دوسری جانب سینئر صحافی عارف نظامی نے نجی ٹی وی چینل 92 نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیاہے کہ نئے وزیراعظم کیلئے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا نام فیورٹ ہو سکتاہے اور پلان بی پر کام شروع کر دیا گیاہے۔واضح رہے کہ میڈیا میں یہ بھی خبریں گردش کرتی رہی ہیں کہ چوہدری نثار اور احسن اقبال کا نام بھی نئے وزیراعظم کے طور پر سامنے آ سکتاہے۔

نئے وزیراعظم کیلئے ایاز صادق کا نام سامنے آ رہا ہے :عارف نظامی کا دعویٰ