دھرنوں سے عوام کا نقصان ہو رہا ہے، سیاسی جرگہ کل سے دوبارہ کوششیں شروع کرے گا، نومبر میں تحریک پاکستان کا آغاز کریں گے: سراج الحق

دھرنوں سے عوام کا نقصان ہو رہا ہے، سیاسی جرگہ کل سے دوبارہ کوششیں شروع کرے ...
 دھرنوں سے عوام کا نقصان ہو رہا ہے، سیاسی جرگہ کل سے دوبارہ کوششیں شروع کرے گا، نومبر میں تحریک پاکستان کا آغاز کریں گے: سراج الحق
کیپشن: Siraj Ul Haq

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ دھرنوں کے باعث سب سے زیادہ نقصان عوام کا ہو رہا ہے، سیاسی جرگہ ایک بار پھر اپنے رابطوں کو ازسر نو شروع کرے گا اور تینوں فریقین کو مذاکرات پر بٹھانے کی کوشش کی جائے گی، نومبر میں ایک نئے جذبے سے تحریک پاکستان کا آغاز کریں گے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ پنجاب میں سیلاب کے دوران حکومت کی طرف سے ناکافی اقدامات پر انتہائی افسوس کا اظہار کیا گیا اور اس بات کو شدت سے محسوس کیا گیا ہے کہ کسی حکومت نے سیلاب سے بچاﺅ کیلئے موثر اقدارات نہیں کئے اور یہی وجہ ہے کہ جب سیلاب کی تباہ کاریاں سامنے آ جاتی ہیں تو حکمران شام کربلا مناتے ہیں اور حکومتیں اپیلیں کرتے ہوئے ایسے اقدامات کرتی ہیں جن سے عوام کے نقصانات کا ازالہ نہیں ہو پاتا۔ حالات کا تقاضا ہے کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں مل کر سیلاب اور قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے روڈ میپ بنائیں جس پر تمام حکومتیں عمل پیرا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں جاری دھرنوں سے عوام بھی بے انتہاءپریشان ہے اس لئے کہ اسلام آباد کے بحران کی وجہ سے سب سے زیادہ نقصان عوام کا ہو رہا ہے اور حکومت اور دھرنوں میں شریک قائدین تقریباً اس کے عادی ہو گئے ہیں لیکن عوام کو بے انتہاءبیروزگاری، بدامنی اور مہنگائی کا سامنا ہے۔ اس سیاسی بحران کی وجہ سے پاکستان پر ہر دن اور ہر رات ایک قیامت گزر رہی ہے اس لئے فیصلہ کیا ہے کہ اپوزیشن کا سیاسی جرگہ دوبارہ اپنے رابطوں کو ازسرنو شروع کرے گا جس دوران پاکستان تحریک انصاف، عوامی تحریک اور حکومت کے درمیان مذاکرات کو دوبارہ شروع کرانے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں سیاسی جرگے کا اپنا اجلاس ہو گا اور دوسرے مرحلے میں تینوں فریقین کے ساتھ مشاورت ہو گی تاکہ عوام کے مطالبے کے مطابق اس بحران کا حل نکالا جا سکے۔
سراج الحق نے کہا کہ ہمیں احساس ہے کہ 68 سال گزر گئے اور مفاد پرستوں نے پاکستان کو اپنے نظریے اور منزل سے محروم رکھا ہے اور اتنے سال گزرنے کے بعد بھی لوگ اسی شک میں مبتلا ہیں کہ اس ملک کے آئین و جمہوریت کو تسلسل بھی ملے گا یا نہیں، کیونکہ ایک مخصوص ٹولے نے سیاست، جمہوریت اور معاشی اداروں کو یرغمال بنایا ہے اور ہم گزشتہ طویل عرصے سے دیکھ رہے ہیں کہ وڈیروں اور جاگیرداروں کے محلوں سے وڈیرے اور جاگیر دار ہی نکلتے ہیں جبکہ غریبوں کی جھونپڑیوں سے غریب ہی اٹھتا ہے یہ بات اٹھارہ کروڑ عوام کیلئے ناقابل قبول ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی نومبر میں پاکستان کے لوگوں کو مینار پاکستان اکٹھا کر کے پاکستان کو ترقی کی طرف لے جانے اور اقوام عالم میں ایک صحیح اور مضبوط مقام دینے کیلئے نئے جذبے سے تحریک پاکستان کا آغاز کریں گے۔

مزید :

قومی -Headlines -