وزیر اعظم کی سوئس صدر ڈورس لیوتھارڈ سے ملاقات، نیوکلیئر سپلائر گروپ کی رکنیت پر سوئٹزرلینڈ کے غیرامتیازی طریقہ کار کی تعریف
ڈیووس (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم کی سوئس صدر ڈورس لیوتھارڈ سے ملاقات، نیوکلیئر سپلائر گروپ کی رکنیت پر سوئٹزرلینڈ کے غیرامتیازی طریقہ کار کی تعریف کی ہے، وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے، برہان وانی کو ماورائے عدالت قتل کیا گیا۔
وزیر اعظم نواز شریف اور سوئس کنفڈریشن کی صدر ڈورس لیوتھارڈ کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں مسئلہ کشمیر سمیت اہم معاملات پر گفتگو ہوئی، ملاقات میں معاون خصوصی طارق فاطمی اور جنیوا میں پاکستان کی مستقل مندوب تہمینہ جنجوعہ بھی شریک تھیں۔
اس موقع پر سوئس صدر ڈورس لیوتھارڈ کا کہنا تھا کہ چیلنجز کے باوجود پاکستان میں معاشی ترقی پر خوشی ہے۔ صدر سوئس کنفڈریشن ڈورس لیوتھارڈ نے کہا کہ پاکستان میں سازگار ماحول کے باعث سوئس کمپنیاں کام کرنے کے لئے تیار ہیں، 30 لاکھ افغان مہاجرین کو پناہ دے کر پاکستان نے اہم کردار ادا کیا ہے، یقین ہے کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ اچھے تعلقات کے لئے کردار ادا کرتا رہے گا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی متحدہ عرب امارات کے سفیر عیسیٰ عبداللہ الباشا سے ملاقات ،فاٹا ،خیبر پختونخوامیں ترقیاتی منصوبوں کے لئے سفیر کا شکریہ ادا کیا
وزیر اعظم نواز شریف نے پاکستانی طلباءکو پوسٹ گریجوایٹ وظائف دینے پر سوئس حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ نیوکلیئر سپلائرز گروپ کی رکنیت کے لئے سوئٹزرلینڈ کا غیرامتیازی طریقہ کار قابل تعریف ہے، یقین ہے کہ سوئٹزرلینڈ این ایس جی کے حوالے سے اپنے اصولی مو¿قف پر قائم رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مقبوضہ کشمیر میں حالیہ صورتحال پر تشویش ہے، بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزیاں کر رہی ہے، برہان وانی کو ماورائے عدالت قتل کیا گیا۔
وزیر اعظم نے ٹیلی کمیونکیشن کمپنی وِمپیل کام کے سی ای او جین چارلی سے بھی ملاقات کی اور ان کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی،جین چارلی کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک ابھرتی ہوئی معیشت ہے اور ان کی کمپنی پہلے سے ہی پاکستان میں سرمایہ کاری کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔