جے آئی ٹی کی رپورٹ سپریم کورٹ کا فیصلہ نہیں ،تحقیقاتی ٹیم نے اختیارات سے تجاوز کیا، مریم اورنگزیب
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ سپریم کورٹ کا فیصلہ نہیں ،تحقیقاتی ٹیم نے اختیارات سے تجاوز کیا اوروزیراعظم کیخلاف ایک مخبر کے ذریعے کیس بنانے کی کوشش کی ،سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت کا کہنا تھا وزیراعظم کے تمام اثاثوں اور ٹیکس ریٹرنز ریکارڈ پر ہیں جے آئی ٹی رپورٹ بدنیتی پر مبنی ہے اور تمام تحفظات سپریم کورٹ میں جمع کرائے دیئے ہیں انہوں نے کہا جے آئی ٹی کی رپورٹ غیر تصدیق شدہ ہے اور دستاویزات کیلئے کوئی سفارتی خدمات حاصل نہیں کی گئیں۔ان کا کہنا تھا چور شور مچا رہے ہیں جے آئی ٹی وزیراعظم پر کرپشن کا کوئی الزام ثابت نہیں کر سکی انہوں نے کہا نواز شریف نے خود کو احتساب کیلئے پیش کر کے تاریخ رقم کی ،عوام نے نواز شریف کو تیسری مرتبہ وزیراعظم منتخب کیا،عوام ایک بار پھر 2018 ءمیں نوازشریف کو وزیراعظم بنائے گی ان کا کہنا تھاعدلیہ سپریم کورٹ آکر جھوٹ بولنے والوں کی پٹیشن مسترد کر دے جھوٹ بولنے والوں نے 4 سال صرف الزام تراشیاں کی ہیں ان کا کہنا تھا نواز شریف کی قیادت میں ملک دہشتگردوں سے پاک ہو گااورنوازشریف ایک بار پھر سرخرو ہوں گے۔