اشتہار میں جاری مطلوب افراد کی تصاویر ہم نے منتخب نہیں کیں: ایم ڈی پی ٹی وی
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان ٹیلی ویژن کے ایم ڈی محمد مالک نے کہا ہے کہ پی ٹی وی پر حملے کے دوران 300افراد ادارے کی عمارت میں داخل ہوئے تھے اور اخبارات میں شائع شدہ مطلوب افراد کی تصاویر میں کوئی ایک تصویر بھی پی ٹی وی کی جانب سے منتخب نہیں کی گئیں بلکہ نادرا کو واقعہ کی ریکارڈنگ کی تمام دستیاب ٹیپس دی گئیں تھیں،جس میں انہوں نے ہی لوگوں کی نشاندہی کی ،جبکہ زیادہ تر ریکارڈنگز میں صرف لوگوں کے عمارت سے باہر آتے وقت کے مناظرہی سامنے آئے اور باہر آنے والوں میں ہمارے ملازمین بھی شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے حکومت سے واقعہ سے پہلے رینجرز اور پولیس کی تعیناتی کی درخواست کی جس پر کہا گیا کہ ہم اس معاملے کو دیکھتے ہیں، ویسے وہاں پر کوئیک رسپانس فورس موجود ہے۔
یاد رہے عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری نے دعویٰ کیا تھا کہ پی ٹی وی عمارت حملے کیس میں مطلوب افراد کی جاری شدہ تصاویر میں 6 افراد پی ٹی وی کے ملازمین ہیں۔