اڑی حملے میں پاکستان کادخل نہیں، بھارتی الزامات بے بنیاد ہیں: خواجہ محمد آصف

اڑی حملے میں پاکستان کادخل نہیں، بھارتی الزامات بے بنیاد ہیں: خواجہ محمد آصف
اڑی حملے میں پاکستان کادخل نہیں، بھارتی الزامات بے بنیاد ہیں: خواجہ محمد آصف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)یر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کو ایجنڈا میں شامل کئے بغیر بھارت کے ساتھ مذاکرات نہیں کرسکتا ، مسئلہ کشمیرپاکستان کیلئے بنیادی مسئلہ ہے اور مذاکرات کے ذریعے حل ہونا چاہیے، اڑی حملے میں پاکستان کا کوئی عمل دخل نہیں اور بھارتی الزام تراشی درست نہیں ہے ،  کشمیر ایک تاریخی حقیقت ہے جس کی نفی نہیں کی جاسکتی بھارت جو آج بوئے گا کل وہی کاٹے گا۔

نجی ٹی وی چینل ’’جیو نیوز ‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت ابتدا سے ہی ہمارا دشمن ہے لیکن تمنا ہے کہ ہمیشہ دشمنی نہیں رہنی چاہیے، ملک میں جمہوریت اپنے ارتقائی عمل میں ہے ، اگر قوم مزید مضبوط ہوگی تو ملک مزید مستحکم ہوگا۔ خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج مضبوط ،چوکس اور طاقتور فوج ہے اور دنیا معترف ہے کہ پاکستان کے تکنیکی ہتھیار بھارت سے بہتر ہیں ، تکنیکی ہتھیار مادر وطن کے تحفظ کیلئے استعمال کئے جاسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت سمجھوتہ ایکسپریس اور دیگر واقعات کے ہمیشہ سے بے بنیاد الزامات پاکستان پر عائد کرتا آیا ہے لیکن ایک بھی الزام ثابت نہیں ہوا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ افغان صدر اشرف غنی اپنی سیٹ کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں، غنی کی حکومت کی اپنی پوری حدود میں کوئی رٹ نہیں جبکہ اشرف غنی بینکار ہیں سیاستدان نہیں۔

انہوں نے کہا کہ افغان پناہ گزینوں کو اپنے وطن واپس جانا چاہیے وہ ہماری معیشت پر بوجھ ہیں، افغان حکومت کو ملا فضل اللہ کے حوالے سے ثبوت فراہم کئے گئے لیکن اس کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کا امن ایک دوسرے سے منسلک ہے پاکستان اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ خوشگوار تعلقات کا خواہاں ہے، چین پاکستان کا ہمیشہ سے آزمودہ دوست ہے،امریکہ کے ساتھ بھی اچھے تعلقات ہیں، مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی مربوط پالیسیوں کی بدولت قومی معیشت مستحکم ہورہی ہے۔ایک  سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری بطور کینڈین شہریت کے اپنے ملک واپس جاچکے ہیں ، دوہری شہریت کا مقدمہ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ہے۔

وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے اڑی میں بھارتی فوج پر حملے میں پاکستانی عمل دخل کے بھارتی الزامات کو یکسر مسترد کردیا اور کہا کہ قطعی طور پر دونوں طرف سے پاک بھارت باؤنڈری بند ہے اس لیے پاکستان کی طرف سے در اندازی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ،  اڑی حملے میں پاکستان کا کوئی عمل دخل نہیں اور بھارتی الزام تراشی درست نہیں ہے۔
ان  کا کہنا تھا کہ بھارت کے اپنے سیاستدان مسئلہ کشمیر کے حل پر زور دے رہے ہیں، کشمیر ایک تاریخی حقیقت ہے جس کی نفی نہیں کی جاسکتی بھارت جو آج بوئے گا کل وہی کاٹے گا۔

سری نگر میں بھارتی فوج پر بڑا حملہ،17اہلکار ہلاک،20زخمی، کئی بیرکیں جل گئیں،4حملہ آور مارے گئے
انہوں نے کہا کہ کشمیر کی پوری وادی میں آگ لگی ہوئی ہے اور ہم کشمیریوں کی اخلاقی حمایت کررہے ہیں اخلاقی حمایت سے زیادہ ہماری کسی قسم کی مداخلت نہیں ہے۔ کشمیر کے معاملے میں پاکستان کا موقف وہی ہے جو اقوام متحدہ اور عالمی برادری کا ہے، ہم اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم سے اپنا موقف دیں گے۔

مزید :

قومی -اہم خبریں -