ملک پر کرپٹ اشرافیہ مسلط ہے،مارشل لاءاور جمہوریت کے نام پر استحصالی نظام نافذ کیا گیا: سینیٹر سراج الحق

ملک پر کرپٹ اشرافیہ مسلط ہے،مارشل لاءاور جمہوریت کے نام پر استحصالی نظام ...
ملک پر کرپٹ اشرافیہ مسلط ہے،مارشل لاءاور جمہوریت کے نام پر استحصالی نظام نافذ کیا گیا: سینیٹر سراج الحق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ ملک پر کرپٹ اشرافیہ مسلط ہے،چوہدریوں ، نوابوں اور سرداروں نے عوام کا استحصال کیا، ہر طرف کرپشن ہے، پاکستان اسلامی نظام کے لیے حاصل کیا گیا تھا لیکن سازش کے تحت عوامی راج اور اسلامی نظام نافذ نہ ہونے دیا گیا جس کی وجہ سے ملک دو لخت ہوا، اسلام کا راستہ روک کر مارشل لاءاور جمہوریت کے نام پر استحصالی نظام نافذ کیا گیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق کوئٹہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ بلوچستان وسائل سے مالا مال صوبہ ہے جو بدامنی اور بے روزگاری کا نقشہ پیش کر رہاہے،پاکستان اس وقت مشکل صورتحال سے دوچار اور لوگوں کے اندر احساس محرومی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام ملک کی ترقی و استحکام پر اس وقت یقین کریں گے جب یہاں قانون وانصاف کی حکمرانی،کرپشن کا خاتمہ اور لوٹ مار ختم ہو ۔سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ اشرافیہ نے وسائل پر قبضہ ،سیاست اور معیشت کو یرغمال بنا یا ہوا ہے ، ریلوے ، پی آئی اے ، سٹیل ملز خسارے میں ہیں، انہیں کسی غریب اور عام آدمی نے نہیں اشرافیہ نے لوٹا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکمران ورلڈ بنک اور آئی ایم ایف سے مسلسل قرض لیتے چلے جارہے ہیں اور عوام کی حالت روز بروز مہنگائی کی وجہ سے خراب ہوتی جارہی ہے،وزیروں ومشیروں کے بیٹے سرکاری سکولوں میں تعلیم حاصل نہیں کرتے ، وزرا علاج کے لیے بیرون ملک چلے جاتے ہیں ، غریب کا بچہ تعلیم اور دوائی کے لیے دھکے کھاتاہے۔ انہوں نے کہاکہ عوام جن کو ووٹ دیتے ہیں وہ سات پشتوں کے لیے ڈکار لیے بغیر اربوں روپے لوٹ کر جمع کر لیتے ہیں۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ ملک کی سیاسی جماعتوں کو اس بات کا پابند کیا جائے کہ وہ اپنی جماعت میں الیکشن کروائیں ورنہ انہیں قومی انتخابات میں حصہ نہیں لینے دیا جائے گا، الیکشن کمیشن کو دستور کی دفعہ 62-63 پر سختی سے عمل کراناچاہیے۔ سراج الحق نے کہا کہ غریب عوام کے مسائل اس وقت حل ہوں گے جب عام پاکستانی اسمبلی میں جائے گا جو موجودہ سسٹم میں ممکن نہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم برسراقتدار آئے تو ایسا سسٹم بنائیں گے کہ عام آدمی بھی کروڑوں خرچ کیے بغیر اسمبلی میں پہنچ سکے گا۔ ہم اقلیتوں کو خوشحال رکھیں گے انہیں ہندو ، عیسائی کے بجائے پاکستانی کہا جائے گا،اس موقع پر تقریب میں درجنوں قبائلی عمائدین اور نوجوانوں نے جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

مزید :

قومی -