ہمارے پاس بہترین ٹیلنٹ موجود ہے، سسٹم ٹھیک ہونے سے پاکستان دنیا کی سپر ون ٹیم بن سکتی ہے: عمران خان

قومی

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے بھارت کیخلاف جیت پر سرفراز احمد اور ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی جیت نے سب کو متحد کر دیا اور جیت پرہر جگہ خوشیاں منائی گئیں ۔ فخر زمان کی کارکردگی نے ثابت کر دیا کہ ہمارے پاس بہترین ٹیلنٹ موجود ہے۔”موجودہ ٹیم ماضی کی ٹیموں سے اچھی ہو سکتی ہے “۔اگر سسٹم ٹھیک ہو جائے تو پاکستان ٹیم دنیا کی سپرون ٹیم بن سکتی ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شائد ہی کسی ملک میں ایسا ٹیلنٹ ہو جتنا پاکستان میں ہے ، فخر زمان جس طرح کھیلا ہے وہ قابل تحسین ہے ۔ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں تاہم جس طرح ہمارے دیگر ادارے تباہ ہیں اسی طرح کھیل کا بھی برا حال ہے ، نجم سیٹھی جسے لوگ کرکٹ کا سسٹم ٹھیک نہیں کر سکتے ۔ دنیا کے کسی ملک میں وزیر اعظم کرکٹ کا سرپرست اعلیٰ نہیں ۔
عمران خان نے کہا کہ پاناما فیصلہ کن کیس ہے جس سے یہ طے ہو گا کہ پاکستان کس طرف جائے گا ۔جے آئی ٹی کی کارروائی پر شور مچانے کی وجہ یہ ہے کہ انہیں پتہ ہے اگر فیصلہ نوازشریف کے خلاف آیا تو ہماری بھی باری آجائے گی ۔
سسٹم ڈی ریل ہونے کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کرپشن سسٹم کو ڈی ریل کر رہی ہے ۔پاکستان میں کرپشن کا بھی خوفناک ٹیلنٹ ہے ۔اگر آصف زرداری اور نواز شریف کے نیچے فرشتے بھی دیدیں تب بھی کرپشن نہیں رکے گی ۔کرپشن رکے گی اگر ادارے کمزور اور طاقتور میں امتیاز نہیں کریں گے ۔سپریم کورٹ نے کہا نوازشریف نے اپنی کرپشن بچانے کیلئے سارے ادارے تباہ کیے۔