ماضی کے حریف آج حلیف بن گئے ، عمران خان اور بابر اعوان کی سابقہ ویڈیو منظر عام پر آگئی

ماضی کے حریف آج حلیف بن گئے ، عمران خان اور بابر اعوان کی سابقہ ویڈیو منظر عام ...
ماضی کے حریف آج حلیف بن گئے ، عمران خان اور بابر اعوان کی سابقہ ویڈیو منظر عام پر آگئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) ماضی کے سیاسی حریف آج حلیف بن گئے ،پاناما لیکس کیس سمیت دیگر مقدمات میں عمران خان کوقانونی مشورے دینے والے بابر اعوان اور کپتان کی ماضی کی  ایک ایسی ویڈیو  آج کل سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے جسے دیکھ کر دونوں ہی  شرمسار ہو جائیں گے ۔

نجی چینل ’’جیونیوز ‘‘کےزرداری دور میں نشر ہونے والے  پروگرام  ”کیپیٹل ٹاک “ میں دونوں نے ایک دوسرے پر الزامات کی بوچھاڑ کر دی ، پروگرام میں عمران خان نے اپنے موجودہ دوست بابر اعوان کیلئے سچ بولنے کی ہمت کی دعا کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ وہ وزارت حاصل کرنے کیلئے (اس وقت کے صدر) صدر آصف علی زرداری کا ساتھ دے رہے ہیں ۔

پروگرام کے دوران بابر اعوان اور عمران خان کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا ، عمران خان نے کہا کہ خدا کیلئے اپنی ذات اور جھوٹی وزارتوں کیلئے پاکستان کا بیڑہ غرق نہ کریں جس پر بابر اعوان نے کہا کہ میں وزیر نہیں ہوں ۔عمران خان نے بابر اعوان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایک آدمی جس نے ملک کو لوٹا ہوا ہے اس کو بچانے کیلئے پیچھے کھڑے ہوئے ہیں تو بابر اعوان نے جواب دیا کہ سوال ہی پیدا نہیں ہوتا،  عدالتی احکامات کے بعد یہ کہنا بھی توہین عدالت ہے جس پر عمران خان نے کہا کہ میں تیار ہوں توہین عدالت کیلئے ۔

اس پروگرام میں کپتان کا کہنا تھا کہ انہوں نے پارلیمنٹ میں کہا تھا کہ سر ے محل ہمارا نہیں ہے تو آج کیوں پیسے کلیم کر رہے ہیں ؟ جس پر بابر اعوان نے کہا کہ آپ گورنمنٹ کی لینڈ پر اپنے ’’سر ے محل‘‘ کا جواب دے دیں اسلام آباد والے سارے جانتے ہیں۔
یاد رہے ان دنوں عمران خان اور بابر اعوان میں بے حد قربت ہے اور پاناما لیکس کیس میں پی ٹی آئی کے وکیل حامد خان کی معذرت کے بعد اب یہ امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ عمران خان اس مقدمے میں وکالت کیلئے بابر اعوان کی خدمات کو ترجیح دیں گے ، بابرا عوان کا وکالت نامہ پہلے ہی اس کیس کے حوالے سے سپریم کورٹ میں جمع ہے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بابر اعوان نے پاناما لیکس کیس میں تحریک انصاف کے جانب سے پہلے ہی اپنا وکالت نامہ سپریم کورٹ میں جمع کرا رکھا ہے تاہم حامد خان کی معذرت کے بعد اب عمران خان لندن سے واپسی پر اس اہم کیس میں وکالت کیلئے قانون دان کا حتمی فیصلہ کریں گے ۔
بابر اعوان این اے 110میں مبینہ انتخابی دھاندلی اور بے قاعدگیوں کے حوالے سے تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار کی درخواست کی سپریم کورٹ میں وکالت بھی کر چکے ہیں اورعمران خان بھی ان سے وقتا فوقتاُُ قانونی مشاورت کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ 2012میں بھی شریں مزاری نے بابر اعوان کیخلاف مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں سخت جملوں کا استعمال کیا تھا ،شیریں مزاری نے کہاتھا کہ ’جب آپ خوشامد اور سیاسی چھیڑخانی کی تمام حدیں پار کر دیں ،جب آپ کو آپ کے سیاسی قائد کی جانب سے دھوکہ دیا جائے تو آپ کے پاس کوئی محفوظ مقام نہیں رہتا ،بابر اعوان اپنا ضمیر بیچ چکے ہیں ۔

:video

مزید :

قومی -