پاناما کا فیصلہ کلی طور پر وزیر اعظم کے حق میں نہیں آیا ،نواز شریف سے استعفیٰ کا مطالبہ غیر منطقی ، فیصلے پر کسی کو خوش اور کسی کو ناراض نہیں ہونا چاہئے :سینیٹر ساجد میر
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ نواز کی اتحادی جماعت مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ متوازن ہے، وزیر اعظم نواز شریف سے استعفے کا مطالبہ غیر منطقی ہے، عدالت کے فیصلے کا احترام سب پر واجب ہے۔
سپریم کورٹ کی جانب سے پاناما کیس کے فیصلے پر اپنے ردعمل میں سینیٹر پروفیسر ساجد میر کا کہنا تھا کہ افسوس ناک امر یہ ہے کہ جو عدالت کے احترام کی باتیں کرتے تھے فیصلے کے بعد وہی تنقید کررہے ہیں، جے آئی ٹی عدالت نے بنائی اب اس کے فیصلے کا بھی انتظار کرلیا جائے، اپوزیشن بے صبری کا مظاہرہ نہ کرے۔انہوں نے کہا کہ عدلیہ کا فیصلہ کلی طور پر وزیر اعظم کے حق میں نہیں آیا، عدالت نے جن اداروں کو تحقیقات کرنے کی ہدایت کی ہے ان پر ہمیں اعتماد کرنا چاہیے، ہر ادارہ کو کرپٹ سمجھ کے مسترد کرنا مناسب نہیں۔ سینیٹر ساجد میر کا کہنا تھا کہ عدالت کو جو نظر آیا اسکے مطابق انہوں نے فیصلہ دیا،سپریم کورٹ کا فیصلہ میرے نزدیک مثالی فیصلہ ہے، اس فیصلے پر کسی کو فریق کو خوش اور ناراض نہیں ہونی چاہیے۔