سیلاب کی پیشگی اطلاع اور پانی کے بہاﺅ کے اعداد و شمار کا جائزہ لینے کے لیے پاک بھارت انڈس واٹر کمیشن کا اجلاس آج ہو گا

قومی

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاک بھارت انڈس واٹر کمیشن کا اجلاس آج اسلام آباد میں شروع ہو گا۔ اجلاس میں تین متنازع بھارتی ڈیموں پر بات چیت ہو گی۔ سیلاب کی پیشگی اطلاع اور پانی کے بہاو کے اعداد شمار کا بھی جائزہ لیا جائےگا۔
پاک بھارت انڈس واٹر کمیشن کا 113واں دو روزہ اجلاس آج سے اسلام آباد میں شروع ہوگا۔ مذاکرات میں شرکت کے لیے بھارتی انڈس کمشنر پی کے سکسینا کی قیادت میں 10 رکنی بھارتی وفد اسلام آباد پہنچ گیا ہے۔اجلاس میں بھارت کی جانب سے پکال دل ،لوئرکلنائی اور مایار۔ ہائیڈرو پن بجلی منصوبوں کے متنازع ڈیزائن پر بات چیت ہو گی۔دونوں ملکوں کے درمیان آخری اجلاس مئی 2015 میں نئی دہلی میں ہوا تھا، پاکستان نے کشن گنگا اور رتلے پن بجلی منصوبوں پر اعتراضات اٹھائے تھے، دونوں منصوبوں پر معاملہ عالمی بینک کے پاس ہے۔