حکومت نے پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کو پہلا فیری سروس لائسنس جاری کر دیا

قومی

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن )حکومت نے پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کو پہلا فیری سروس لائسنس جاری کر دیاہے،فیری سروس کے ذریعے دبئی جانے والے مسافروں کو کرائے میں 40فیصد بچت ہو گی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے پورٹس اینڈ شپنگ سینیٹر میر حاصل خان بیزنجو نے یہ پہلا فیری لائسنس پی این ایس کے چیئرمین عارف الہیٰ کے حوالے کیا جبکہ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پورٹس اینڈ شپنگ رفی چندانہ بھی موجود تھے ۔لائسنس ملنے کے بعد پی این ایس اب مسافروں کو ملک کے اندر اور بیرون ملک سفری سہولیات فراہم کر سکے گی ۔اس کے باعث شپنگ سیکٹر میں ایک نئے باب کا آغاز ہواہے ۔
فیری سروس مارینا کلب سے چلائی جائے گی جو کہ ڈی ایچ اے سے پورٹ قاسم تک روزانہ کی بنیادوں پر مسافروں کو سہولیات فراہم کرے گی جبکہ اس سے ٹریفک جام ختم کرنے بھی مدد ملے گی ۔پورٹ حکام نے وزارت کے ساتھ مل کر فیری سروس کو بین الاقوامی سطح پر چلانے کا منصوبہ بنایاہے جس کے تحت فیری سروس کو کراچی سے پسنی ،گوادر سے ایران کی بندر گاہ چار بہار اور مسکت تک چلایا جائے گا ۔مجوزہ سروس ایک انتہائی زبردست سہولت ثابت ہو گی کیونکہ حکومت کی جانب سے فیری سروس کیلئے اگلے 14سال کیلئے پورٹ فیس ختم کر دی گئی ہے ۔فیری سروس کے ذریعے دبئی جانے والے مسافروں کو کرائے میں 40فیصد بچت ہو گی ۔