ہمیں تو سعودی عرب سے کھجور اور آب زم زم کے سوا کچھ نہیں ملتا ، حکمرانوں کو سٹیل ملیں تحفہ میں کیسے مل جاتی ہیں:سینیٹر سراج الحق

ہمیں تو سعودی عرب سے کھجور اور آب زم زم کے سوا کچھ نہیں ملتا ، حکمرانوں کو ...
ہمیں تو سعودی عرب سے کھجور اور آب زم زم کے سوا کچھ نہیں ملتا ، حکمرانوں کو سٹیل ملیں تحفہ میں کیسے مل جاتی ہیں:سینیٹر سراج الحق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ہم کرپشن میں ملوث ہر لٹیرے کا احتساب چاہتے ہیں ،پانامہ لیکس سمیت کرپشن سکینڈلز میں ملوث سب کامحاسبہ ضروری ہے، ہمیں تو سعودی عرب سے کھجور اور آب زم زم کے سوا کچھ نہیں ملتا ،حیرت ہے حکمرانوں کو وہاں سے سٹیل ملیں تحفہ میں کیسے مل جاتی ہیں؟ دینی مدارس اور خانقاہیں بہت بڑی طاقت ہیں ،خانقاہوں کا تحریک پاکستان میں بڑا موثر کردار ہے اور اگر صوفیا ء کرام قائد اعظم ؒ کا ساتھ نہ دیتے تو شاید قیام پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوتا،لاکھوں جانوں کی قربانی کے بعد بننے والے پاکستان پر 70سال ان لوگوں کا قبضہ ہے جنہوں نے تحریک پاکستان کو ناکام بنانے کیلئے انگریز کا ساتھ دیا اور پھر ملک کے اقتدار پر قابض ہوکر نظریہ پاکستان سے بے وفائی کی۔

مزید پڑھیں:قطر کے شہزادے کو بلانا نہ بلانا عدالت کا کام ،جنوبی پنجاب علیحدہ ملک اور صوبہ نہیں ہے:یوسف رضا گیلانی

وہ منصورہ میں منعقدہ علماؤ مشائخ کانفرنس کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ،اس موقع پر ان کے ہمراہ خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ ،لیاقت بلوچ ،دیوان احمد مسعود ،دیوان عظمت سید محمد ،خواجہ فرید الدین فخری اورنگ آباد انڈیا ،سید طاہر نظامی ،دہلی انڈیا۔صاحبزادہ سلطان احمد علی ،خواجہ نور محمد سہو ،خواجہ نصرالمحمود ،مخدوم زین محمود قریشی ،خواجہ اسرارالحق چشتی ، پیر محمود الدین ،پیر غلام رسول اویسی ،چیئر مین غلام محمد سیالوی ،الحاج مقصود احمد چشتی ،سید محمد بلال چشتی خواجہ نشین اجمیر شریف انڈیااورعثمان نوری سمیت ملک بھر کی معروف خانقاہوں کے سجادہ نشین بھی موجود تھے ۔

سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ حکمران کرپشن میں ملوث ہوئے تو قطری شہزادہ بھی انہیں نہیں بچا سکے گا،ایسا کمیشن بنایا جائے جو نہ صرف کرپشن کے ثبوت جمع کرے بلکہ قوم کو حقائق سے آگاہ کرے اور لٹیروں کو سزائیں دے۔انہوں نے کہا کہ قرضے ہڑپ کرنے والوں کو بھاگنے نہیں دیں گے ، قوم ان لٹیروں کاتعاقب کرے گی اور جب تک ایک ایک پائی ان سے نکلوا نہیں لیتے پیچھا نہیں چھوڑیں گے، قومی دولت لوٹنے والوں کے ہاتھوں میں ہتھکڑیاں اور پاؤں میں بیڑیا ں ڈال کرانہیں اڈیالہ جیل میں بند کرنا چاہئے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ منصورہ میں جمع ہونے والے مشائخ نے ملک سے شخصی آمریتوں اور خاندانی بادشاہتوں کے خاتمہ اور ملک میں نظام مصطفی ﷺکے نفاذ کیلئے جماعت اسلامی کے پروگرام کے ساتھ اتفاق کرتے ہوئے ساتھ دینے کا عہد کیا ہے۔علماء و مشائخ نے پاکستانی قوم کو علاقائی ،لسانی اور مسلکی اختلافات سے نکال کر باہمی اتحاد و یکجہتی کے فروغ اور مسلمانوں کے اندر محبت و اخوت اور بھائی چارے کے فروغ کا بیڑا اٹھایا ہے،ہمارا دشمن ہمیں باہمی انتشار کا شکار کرکے کمزور کررہا ہے اور پاکستان سمیت اسلامی دنیا کو عراق ،شام اور افغانستان کی طرح تباہی سے دوچار کرنا چاہتا ہے ،کشمیر ، فلسطین اور اراکان جیسے مسائل کے حل کیلئے ضروری ہے کہ عالم اسلام متحد ہو۔

مزید :

قومی -