وزیر اعظم نے قومی ایئر لائن کے نئے سی ای او کے نام کی منظوری دے دی, سابق بیورو کریٹ مشرف رسول سربراہ ہوں گے
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے قومی ایئر لائن پی آئی اے کے نئے سی ای او کے نام کی منظوری دے دی ہے، ڈاکٹر مشرف رسول قومی ائرلائن کے نئے سی ای او ہوں گے۔
وزیر اعظم ہاﺅس خالی کرنے کا آغاز، پی ایم ہاﺅس سے پنجاب ہاﺅس سامان منتقل کیا جا رہا ہے: سینئر صحافی کا دعویٰ
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ وزیر اعظم کو پی آئی اے کے نئے سی ای او کے لئے 3نام بھیجے گئے تھے جبکہ انہوں نے سابق بیورو کریٹ ڈاکٹر مشرف رسول کا نام نئے سی ای او کے لئے منظور کر لیا ہے۔وزیر اعظم کی جانب سے مشیر ہوا بازی سردار عباسی سے ملاقات کے موقع پر نئے سی ای او کے نام کی منظوری دی گئی ہے۔قومی ایئر لائن کے پہلے سی ای او جرمن تھے اور انہیں کرپشن کے الزامات کے بعد عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ مشرف رسول کا ایوی ایشن کے شعبے میں کسی قسم کا تجربہ نہیں اور نہ ہی ان کے پاس مطلوبہ تعلیم ہی موجود ہے۔ وہ ایم بی بی ایس ڈاکٹر اور سابق بیورو کریٹ ہیں۔ مشرف رسول کے پاس پاکستان کے علاوہ امریکی شہریت بھی ہے ، انہوں نے پاکستان کی بیورو کریسی میں 15 سال تک خدمات سر انجام دیں جس کے بعد انہوں نے نوکری سے استعفا دیا اور بیرون ملک منتقل ہوگئے۔ انہوں نے بجٹ کی ڈی سنٹرلائزیشن، ٹیکس ریفارمز اور ڈویلپمنٹ پلاننگ کے محکموں میں کام کیا جس کے بعد صحت کے پراجیکٹس پر توجہ مرکوز کردی۔
اینڈریو ینگ سکول آف پالیسی سٹڈیز کی ویب سائٹ پر شائع مشرف رسول کے حالات زندگی کے مطابق انہوں نے ورلڈ بینک، ایشین ڈویلپمنٹ بینک اور اقوام متحدہ کے ساتھ بطور کنسلٹنٹ کام کیا ہے جبکہ وہ پاکستان کے چیف اکانومسٹ بھی رہ چکے ہیں۔ وہ نیپال، مصر ، نائجیریا اور روانڈا میں پبلک سیکٹر میں اصلاحات کا کام بھی کرچکے ہیں۔