ڈان لیکس رپورٹ لکھنے والوں نے پوری کوشش کر کے میرے نکالے جانے کی وجہ کو اچھی طرح ثابت کیا ہوگا :پرویز رشید
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )سابق وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ ڈان لیکس کی رپورٹ پبلک ہو نی چاہیے ،رپورٹ لکھنے والوں نے پوری کوشش کر کے میرے نکالے جانے کی وجہ کو اچھی طرح ثابت کیا ہو گا ۔
تفصیل کے مطابق چوہدری نثار کی جانب سے ڈان لیکس کی رپورٹ کو پبلک کر نے کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے پرویز رشید نے کہا ہے کہ ڈان لیکس کی رپورٹ منظر عام پر آنی چاہیے ،میرا ڈان لیکس کی رپورٹ سے کوئی تعلق نہیں ،مجھ پر الزام لگا یا گیا کہ میں نے خبر کو رکوایا نہیں ۔انہوں نے کہا کہ میری نوکری تو پہلے ہی چھین لی گئی تھی ،مجھے ڈان لیکس پر جے آئی ٹی بننے سے پہلے ہی نکال دیا گیا تھا ۔ان کا کہنا تھا کہ جنہوں نے ڈان لیکس کی رپورٹ لکھی ہو گی انہوں نے پوری کوشش کر کے میرے نکالے جانے کی وجہ کو اچھی طرح ثابت کیا ہو گا ۔واضح رہے کہ کچھ دن قبل پرویز رشید نے شکوہ کیا تھا کہ ہماری وزارت داخلہ ہونے کے باوجود ہمارے خلاف کارروائیاں ہوئیں ،اس پر چوہدری نثار نے جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ وزارت داخلہ پر الزام لگانے والے کس قسم کا تعاون مانگ رہے ہیں ،وضاحت کریں ۔انہوں نے مطالبہ کیا تھا کہ ڈان لیکس کی رپورٹ بھی پبلک ہونی چاہیے ۔یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ڈان لیکس کی جے آئی ٹی میں ایم آئی اور آئی ایس آئی کے نمائندے بھی شامل تھے ۔
مزید خبریں :پی ٹی آئی میرے پہلی اور آخری پارٹی، سوشل میڈیا پر میرے خلاف جھوٹا پراپیگنڈہ کیا جا رہا ہے، مومنہ باسط کی روزنامہ پاکستان سے خصوصی گفتگو