آل پارٹیز کانفرنس طلب کرنیوالی متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کو زور دار جھٹکا لگ گیا، اے پی سی ہی ملتوی کرنا پڑگئی کیونکہ ۔ ۔ ۔
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی آل پارٹیز کانفرنس بیشتر سیاسی جماعتوں کی عدم شرکت کی وجہ سے ملتوی کردی گئی تاہم ایم کیوایم نے کہاہے کہ دوبارہ اے پی سی بلائی جائے گی اور اس کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی ، تحریک انصاف، اے این پی ،سنی تحریک ، سندھ یونائیٹڈ پارٹی اور جماعت اسلامی نے ایم کیوایم پاکستان کی کل جماعتی کانفرنس کا بائیکاٹ کردیاتاہم ایم کیوایم حقیقی اور پاک سرزمین کے نمائندے شرکت کرنے پہنچے تاہم اکثریت جماعتوں کی حمایت نہ ملنے پر کانفرنس ملتوی کردی گئی جس کا باضابطہ اعلان ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹرفاروق ستار نے کردیا۔
یادرہے کہ ایم کیوایم کی آل پارٹیز کانفرنس ڈاکٹرفاروق ستار کی زیرصدارت ہونی تھی جس کا مقصد دیگر جماعتوں کیساتھ اپنے تعلقات کو بہتر بنانا، ایم کیوایم لندن سے اپنی علیحدگی ، پاکستان کیخلاف نفرت انگیز جذبات رکھنے والوں کی مذمت کرنا تھا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے بتایاکہ وہ بیشتر سیاسی جماعتوں کے پاس گئے اورانہیں شمولیت کی دعوت دی تھی لیکن ہمیں کثیر الجماعتی کانفرنس کو پریس کانفرنس میں بدلنا پڑا۔