نواز ، زرداری ملاقات ،سابق صدر موجودہ مسائل کا حل بتائیں گے
اسلام آباد (ویب ڈیسک) ملک میں جاری دھرنوں کے نتیجے میں تحریک انصاف اور عوامی تحریک کو حاوی ہوتا دیکھ کر سابق صدر آصف زرداری کو بھی پیپلزپارٹی کو متحرک کرنے کا خیال آہی گیا ہے اور اس کیلئے انہوں نے پہلے مرکزی قیادت کو اجلاس کیلئے دبئی بلایا اور پھر اس کےساتھ مشاورت کے بعد خود کراچی پہنچ گئے،اور انکی کراچی آمد کے ایک روز بعد ہی انہیں وزیراعظم نواز شریف نے ملاقات کیلئے لاہور میں اپنے گھر مدعو کرلیا۔ذرائع کے مطابق آصف زرداری آج وزیراعظم کے ساتھ نہ صرف ظہرانے کی دعوت سے محظوظ ہونے کےساتھ وزیر اعظم سے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال بھی کریں گے۔ سابق صدر زرداری کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ملاقات میں پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین وزیراعظم کو سیاسی مسائل کے حل کیلئے اپنی حمایت کا یقین دلانے کے ساتھ پیپلز پارٹی کا لائن آف ایکشن بھی واضح کریں گے ، سابق صدر اسلام آباد میں جاری پی ٹی آئی اور عوامی تحریک کی سیاسی تحریکوں کے حل کا راستہ بھی بتائیں گے۔ ذرائع نے کہا کہ پیپلزپارٹی سمجھتی ہے کہ اس مسئلے کا حل وزیراعظم کے پاس موجود ہے اور اگر وہ چاہیں تو اس کیلئے راستہ نکالا جاسکتا ہے لیکن اس کےلئے انہیں صرف اس کیلئے ارادہ باندھنا ہوگا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ آصف زرداری وزیراعظم کو یہ مشورہ بھی دے سکتے ہیں کہ اگر کسی کو جانے سے مسائل کے حل کا راستہ نکلتا ہے تو وہ اس پر بھی غور کرلینا چاہیے اور ہٹ دھرمی سے گریز کی راہ اپناتے ہوئے خلوص دل سے ملک کو بحران سے نکالنے پر توجہ دیں۔