نئی ای سی ایل پالیسی کا اعلان، بلیک لسٹ ختم، پاسپورٹ کنٹرول لسٹ متعارف کرائی جائے گی: نثار علی خان
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے نئی ایگزٹ کنٹرول لسٹ پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ کسی بھی فرد کا نام باقاعدہ منظوری کے بعد ہی ای سی ایل میں شامل کیا جائے گا جبکہ بلیک لسٹ کو ختم کر کے پاسپورٹ کنٹرول لسٹ متعارف کرائی جائے گی۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں ای سی ایل قانون کو بے دردی سے استعمال کر دیا گیا، آج بھی آٹھ ہزار سے زائد لوگو ای سی ایل میں شامل ہیں ، تاہم اب ہم ای سی ایل سے متعلق واضح پالیسی لا رہے ہیں جبکہ پاسپورٹ بلیک لسٹ میں شامل 52ہزار لوگوں کا ڈیٹا ختم کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ بلیک لسٹ ہی ختم کر دیں اور نئی اصلاحات کے تحت پاسپورٹ کنٹرول لسٹ جاری کی جائے۔ وفاقی وزیر نے اعلان کیا کہ اب سیاسی بنیادوں پر کسی کا نام ای سی ایل میں نہیں ڈالا جائے گا بلکہ صرف اعلیٰ عدالتوں اور ٗحساس اداروں کی ہدایت پر ای سی ایل میں نام ڈالے جائیں گے ۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ 48ہزار افراد نے ڈبل پاسپورٹ کا غلط استعمال کرتے رہے جبکہ چالیس ہزار جعلی شناختی کارڈ بھی ہماری حکومت سے پہلے ہی جاری کئے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے اسی ہزار سے زائد جعلی شناختی کارڈ منسوخ کیے جاچکے ہیں جبکہ صرف تین ہزار لوگوں کے نام ہی ای سی ایل میں باقی بچے ہیں اور آئندہ بلاجوا ز کسی پاکستانی کی نقل وحرکت پرپابندی نہیں لگائی جاسکے گی۔