وفاقی وزیرداخلہ آمرانہ دور کی آخری نشانی ،چوہدری نثار کا وزیر اعلیٰ سندھ کے خلاف بیان وفاق اور آئین کے خلاف سازش ہے: چوہدری منظور احمد

قومی

لاہور (صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات چوہدری منظور احمد نے کہاکہ وزیرداخلہ چوہدری نثار آمرانہ دور کی آخری نشانی ہیں،  اسے خودمسلم لیگ ن میں شدید سیاسی تنہائی کا سامنا ہے اور وہ پیپلز پارٹی کے خلاف زہر اگل کراپنا سیاسی ڈیپریشن ختم کرنے کی ناکام کوشش میں لگے رہتے ہیں۔

چوہدری منظور احمدکامزید کہناتھاکہ وزیر داخلہ سندھ کے عوام کودھمکیاں دینا بند کردیں اوراپنے کام کی طرف توجہ دیں،  سندھ کیخلاف چوہدری نثار کا بیان وفاق اور آئین کیخلاف ایک سازش ہے،  وزیرداخلہ نے نیب کو ناک کی موم بنادیا ہے،  پنجاب میں نیب کا سارا ڈھانچہ غیرفعال ہوچکا ہے جبکہ سندھ میں نیب کوسیاسی انتقام کیلئے استعمال کیا جارہا ہے۔ چوہدری منظور احمدنے کہاکہ پیپلز پارٹی اپنے کسی ایسے ساتھی کا دفاع نہیں کرتی جوکرپشن میں ملوث ہو ، شرجیل میمن نے بھی عدالت کے سامنے خودکوسرنڈر کیاہے اورہمیں عدالتوں سے انصاف کی توقع ہے،مسلم لیگ ن الزام تراشی کرکے عدالتی عمل پر اثرانداز ہونے کی ناکام کوشش ہوتی ہے لیکن پھربھی پیپلز پارٹی کوعدالتوں سے کلین چٹ ملتی ہے۔