30نومبر جلسہ: شاہراہ دستور پر کوئی بھی جلسہ نہیں ہو گا،حکومتی اجلاس میں اہم فیصلے
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی طرف 30نومبر کو وفاقی دارلحکومت میں جلسے کے اعلان پر وزارت داخلہ میں اعلی سطح حکومتی اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ شاہراہ دستور پر کسی صورت کوئی جلسہ کرنے کی اجازت نہیں ہو گی ، تحریک انصاف کو جلسے کی اجازت تو دی جائے گی مگر دھاوا بولنے کی اجاز ت ہر گز نہیں ہو گی اور اگر ایسا کچھ کیا گیا تو اس سے سختی نمٹا جائے گا اور اس بار پولیس کی بجائے ایلیٹ فورس اور ایف سی کے خصوصی دستے سکیورٹی کی قیادت کریں گے۔ اجلاس کی صدارت وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی۔ اجلاس میں دوران بریفنگ بتایا گیا کہ 30نومبر کے جلسے کے پیش نظر 4 ہزار ایف سی اہلکار اور ایلیٹ فورس کی نفری طلب کی جا چکی ہے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے 2 واٹر کینن اور آنسو گیس کے 12 ہزار شیلزبھی منگوائے گئے ہیں ۔